پرفارم کرنا صرف سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری نہیں ہوتی، محمد حفیظ

اتوار 17 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ بیٹنگ لائن پرفارم نہیں کر سکی، اچھا پرفارم کرنا صرف سینئر کھلاڑیوں کی ذمہ داری نہیں ہوتی کہ بس ہر میچ میں وہی پرفارم کریں۔ سرفراز احمد سے جو امیدیں تھیں وہ ان امیدوں پر نہیں اتر سکے انکی پرفارمنس اچھی نہیں تھی۔

محمد حفیظ نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ پرتھ میں اچھی کنڈیشنز تھیں، پہلے بھی جو بات کی اس کا مقصد یہ تھا کہ بیٹرز اور بولرز کے لیے یکساں مواقع ہوں۔ پاکستان ٹیم کم بیک کی پوری صلاحیت رکھتی ہے اور کسی بھی کنڈیشنز میں کسی بھی ٹیم کو ہراسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پہلے بھی تمام آپشنز موجود تھے اب بھی موجود ہیں، صرف ایک میچ کی کارکردگی پر فیصلہ نہیں کر سکتے، محمد رضوان اچھا کھیل سکتے ہیں، فیصلہ سڈنی میں کنڈیشنز اور پچ دیکھ کر کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرفارم کرنا صرف سینئر کھلاڑیوں کا کام نہیں ہوتا، شاہین آفریدی اور بابر اعظم ہی صرف اچھی کارکردگی کے ذمے دار نہیں ہیں باقی کھلاڑیوں کو بھی پرفارم کرنا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کے جن پلیئرز کو موقع دیا گیا انہوں نے اچھا پرفارم کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں شکست سے سیکھنا ہوگا، آسٹریلوی بولرز نے بہت عمدہ بولنگ کی، جس کی بدولت وہ میچ جیتے ہیں، ہمیں بھی ایسی ہی بولنگ کرنی چاہیے تھی۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ عامر جمال اور خرم شہزاد نے ڈیبیو پر اچھی بولنگ کی، اُمید ہے اگلے میچز میں مزید عمدہ کارکردگی دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹیم 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے آسٹریلیا کے دورے پر ہے، پرتھ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp