فاسٹ بولر خرم شہزاد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ڈیبیو کرنے والے خرم شہزاد انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے۔ خرم شہزاد کو پرتھ ٹیسٹ کے دوران بائیں پسلی میں تکلیف کی شکایت ہوئی تھی، میڈیکل رپورٹ کے مطابق ان کی بائیں پسلی میں فریکچر ہو گیا ہے، جس کے باعث ان کو سیریز سے آؤٹ کر دیا گیا ہے۔

پرتھ میں ہونے والے دی ویسٹ ٹیسٹ کے دوران خرم شہزاد کو بائیں پسلی میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اسپیشلسٹ سے کنسلٹ کرنے کے بعد آئندہ کا پلان طے کرے گا۔ جس کے بعد فاسٹ بولر کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں ری ہیب شروع کیا جائے گا۔

گزشتہ روز پی سی بی نے بتایا تھا کہ فاسٹ باؤلر خرم شہزاد نے پہلے ٹیسٹ کے دوران اپنے جسم کے بائیں جانب تکلیف کی شکایت کی ہے، ان کی شکایت کے بعد خرم شہزاد کو ایم آر آئی اسکین کے لیے بھیجا گیا۔

 پی سی بی کے میڈیکل پینل نے ایم آر آئی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد خرم شہزاد کی انجری سے متعلق مزید تفصیلات شیئر کرنے کا کہا تھا۔

واضح رہے خرم شہزاد نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈٰبیو کرتے ہوئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا، انہوں نے مجموعی طور پر 8 آسٹریلین کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ خرم شہزاد اور عامر جمال پاکستان کی 71سالہ ٹیسٹ تاریخ میں پہلی بار ڈیبیو کرنے والے بولرز ہیں جنہوں نے ایک ہی اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے پرتھ میں ہونے والے دی ویسٹ ٹیسٹ میں خرم شہزاد کی گیند پر آسٹریلوی مڈل آرڈر بیٹر مارنس لبوشین کی انگلی پر چوٹ لگی تھی جس کے بعد انہیں انگلی کے اسکین کے لیے بھیج دیا گیا۔

چوٹ لگنے کے بعد ڈاکٹرز اور فزیوتھراپسٹ نے انہیں طبی امداد دی اور لبوشین نے بیٹنگ جاری رکھی تھی، تاہم وہ جلد ہی خرم کی ہی گیند پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp