زلفی بخاری 9 مئی واقعات کے مقدمے میں نامزد، رد عمل میں کیا کہا؟

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

راولپنڈی پولیس نے زلفی بخاری کو 9 مئی واقعات کی ایف آئی آر میں نامزد کر دیا، تھانہ آر اے بازار میں توڑپھوڑ کے واقعات میں زلفی بخاری سمیت 63 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا۔ جبکہ زلفی بخاری نے مقدمے میں نامزد کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی سے کئی دن پہلے ہی وہ بیرون ملک چلے گئے تھے اور 9 مئی کو پاکستان میں نہیں تھے۔

راولپنڈی پولیس کی جانب سے ایف آئی آر میں زلفی بخاری کے خلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس نے 9 مئی کو بیرون ملک موجودگی کے باوجود زلفی بخاری کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

پولیس نے زلفی بخاری سمیت پی ٹی آئی کے 63 افراد کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے ہیں۔ دوسری جانب زلفی بخاری نے ایف آئی آر میں نامزد کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو بیرون ملک ہونے کے باوجود مجھ پر دہشتگردی کا مقدمہ بنالیا گیا ہے۔

زلفی بخاری نے بیرون ملک سفر کی دستاویزات سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھ پر ہونے والی ایف آئی آر سے زیادہ ذہنی پستی اور لاقانونیت کی کوئی مثال نہیں ہو سکتی۔ مجھے 9 مئی کے واقعے میں شامل کیا گیا، حالانکہ میں 12 دن پہلے کام کے سلسلے میں ملک سے باہر تھا۔

انہوں نے کہاکہ یہ حرکت انتخابات سے پہلے ہم پر ظلم کرنے کی بے ہودہ کوشش کو ظاہر کرتی ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں پی ٹی آئی کے امیدواروں اور کارکنوں سے گرفتاریوں اور کاغذات نامزدگی چھیننے کی ایک نئی لہر آئی ہے۔ ان غیرسنجیدہ اقدامات سے آزاد اور منصفانہ انتخابات کا کیسا تاثر بنا رہے ہیں؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp