سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر دستی بم سے حملہ، 2 پولیس اہلکار زخمی

بدھ 20 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے گھر پر دستی بم سے حملہ ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق لاہور میں ثاقب نثار کے گھر ہونے والے دستی بم حملے میں سیکیورٹی پر مامور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

گھر کے گیراج میں ہونے والے دھماکے کی وجہ سے کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات کی جارہی ہیں کہ دھماکا کس نوعیت کا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹرسائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوئے ہیں۔

گھر  کے اندر بیٹھے تھے تو زور دار دھماکا ہوا، ثاقب نثار

دوسری جانب نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ثاقب نثار نے کہا ہے کہ ہم گھر کے اندر بیٹھے ہوئے تھے تو زور دار دھماکے کی آواز آئی اور جب باہر آئے تو پولیس اہلکار زخمی پڑے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ دھماکا کرنے والے لوگ کون تھے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ ثاقب نثار اور ان کے اہل محفوظ ہیں، جبکہ زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں میں سپاہی عامر اور خرم شامل ہیں۔

واضح رہے میاں ثاقب نثار 31 دسمبر 2016 سے 17 جنوری 2019 تک چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز رہے۔

ثاقب نثار کچھ دیر پہلے گھر پہنچے تھے، سیکریٹری میاں آصف

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے سیکریٹری میاں آصف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ گیراج میں کھڑی جس گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے ثاقب نثار اسی پر کچھ دیر پہلے گھر پہنچے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ثاقب نثار کو ریٹائرمنٹ کے بعد یہ گاڑی دی گئی تھی، دھماکا گیراج میں ہوا اور اتنا شدید تھا کہ گھر کی کھڑکیوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا۔

آئی جی پنجاب نے رپورٹ طلب کر لی

اِدھر آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے ہدایت کی ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

اس سے قبل آج کے روز ہی راولپنڈی میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر پر فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی تھیں تاہم بعد میں راولپنڈی پولیس نے تردید کرتے ہوئے کہاکہ نشے میں دھت ایک لڑکے نے ہوائی فائرنگ کی تھی اس کا کسی شخصیت سے تعلق نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp