اسلام آباد ہائیکورٹ: سائفر معاملے پر ان کیمرا ٹرائل فیصلے کے خلاف اٹارنی جنرل اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی سائفر کیس میں ان کیمرہ ٹرائل کے خلاف درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو کل طلب کرلیا اور ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کردیا۔

بانی پی ٹی آئی کی ان کیمرہ ٹرائل کرنے کے فیصلے کی درخواست پر سماعت سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔ وکیل سلمان اکرم راجہ روسٹرم پر آئے تو جسٹس میاں گل حسن نے ان سے کہا، ’راجہ صاحب آپ کا کیس ایک گھنٹہ بعد سنیں گے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بھی بلا لیتے ہیں پھر تفصیل سے دیکھ لیتے ہیں۔‘

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا ٹرائل کورٹ کا 14 دسمبر کا فیصلہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی صریح خلاف ورزی ہے۔ تاہم عدالت نے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو وکیل سلمان اکرم راجہ نے ٹرائل کورٹ کے جج ابوالحسنات کا تحریر کردہ فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اسفتسار کیا کہ اس فیصلے کا کیا مطلب ہے، اگر فرد جرم عائد ہوگئی تو کیا یہ بھی رپورٹ نہیں ہوگا کہ فرد جرم عائد ہوگئی۔

سلمان اکرم راجہ بولے، ’بالکل! کچھ بھی رپورٹ نہیں ہوگا۔‘ جسٹس میاں گل نے سوال کیا کہ کیا ٹرائل روزانہ کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے جس پر سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر 7 سے 8 گواہ پیش کیے جارہے ہیں۔

جسٹس میاں گل نے استفسار کیا کہ اب تک کتنے گواہان پیش ہوئے۔ سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ جب سے ان کیمرہ ٹرائل شروع ہوا تو پہلے دن 5 اور اگلے دن 7 گواہ پیش ہوئے، معزز جج نے کسی دستاویز یا گواہ کا حوالہ دیے بغیر پوری عدالتی کارروائی کو ہی ان کیمرہ قرار دیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ عدالت نے سائفر اور خفیہ مواصلاتی نظام کے تحفظ کا حوالہ دیا ہے، ‏ملکی سلامتی اور سائفر کے خفیہ مواصلاتی نظام کا تحفظ یقینی بنانے کا ذکر اس فیصلے میں موجود ہے۔

عدالت نے سائفر ٹرائل روکنے کی درخواست کی سماعت میں اٹارنی جنرل کو کل طلب کرلیا جبکہ ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp