نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن نے بھارتی یاتریوں کے ویزے جاری کردیے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ رواں ماہ 166 بھارتی سکھ یاتریوں کے ویزے جاری کیے گئے، سکھ یاتریوں کو مذہبی مقامات پر آنے کی اجازت دینے کے لیے ویزے جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے اسلام آباد میں نیوز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں ہفتے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کا ایک روزہ دورہ کیا ہے، وزیر اعظم نے امیر کویت کے انتقال پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اس دوران پاکستان اور برونائی کے مابین دوطرفہ مشاورت اور تعاون کا ورچوئل افتتاحی دور بھی منعقد ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے عالمی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال پر خطوط لکھے ہیں، خطوط میں وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی میں ملوث ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے، پاکستان کشمیریوں کی جاری جدوجہد کی حمایت کرتا رہے گا۔ پاکستان یواین قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیلی فورسز کے غزہ پر جاری حملوں کی مذمت کرتا ہے، پاکستان یواین اور عالمی برادری پرغزہ جنگ بندی کے لیے اقدامات پر زور دیتا ہے، اور پاکستان آزاد فلسطین کی حمایت کرتا ہے۔