بیوی نے بیٹے اور بہو کی مدد سے شوہر کو قتل کردیا

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں بیوی نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے اور بہو کی مدد سے شوہر کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کھیتوں میں پھینک دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر مردان نجیب الرحمن نے وی نیوز کو بتایا کہ واقعہ تھانہ صدر پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ دن قبل میروس اسلم آباد کے رہائشی عباد الرحمن کی بیوی نے شوہر کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جس میں اس کا کہنا تھا کہ شوہر گھر سے کہیں گیا اور پھر واپس نہیں لوٹا۔

ڈی پی او نے کہا کہ پولیس نے گمشدگی کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کی اور شک کی بنا پر تفتیش کے لیے بیٹے حیدر کو طلب کیا جس نے بالآخر باپ کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا۔

نجیب الرحمن نے کہا کہ حیدر نے پولیس کو بتایا کہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے اور اس کے ماموں کی ایما پر اس نے اور اس کی والدہ اور بیوی نے باپ کو قتل کردیا۔ مقتول پیشے کے اعتبار سے مستری تھا اور اس کے 14 بچے تھے۔

ڈی پی او نے بتایا کہ بیوی نے بیٹے اور بہو کی مدد سے شوہر کا مبینہ قتل کیا اور پھر ٹوکے سے لاش کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ بیٹے نے پولیس کو بتایا کہ لاش کے ٹکڑوں کو بوریوں میں بند کرکے کھیتوں میں پھنک دیا گیا۔ اس نشاندہی پر پولیس نے بوریوں سے لاش کے ٹکڑوں کو برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرک ہیڈ کوراٹر اسپتال منتقل کر دیے۔

قتل کی وجوہات

ڈی پی او نجیب الرحمن نے بتایا کہ پولیس نے قتل کے الزام میں مقتول کی بیوی، بیٹے، بہو اور ایک قریبی رشتہ دار کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے قتل کا اعتراف کرلیا جس کی وجہ گھریلو ناچاقی بتائی گئی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے مطابق مبینہ طور پر مقتول کا کردار ٹھیک نہیں تھا جبکہ گھر والوں کے ساتھ بد اخلاقی سے آنا بھی اس کی عادت تھی جس سے گھر والے تنگ تھے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp