پشاور سے پہلی مرتبہ خواجہ سرا الیکشن کے میدان میں، ثوبیہ خان کے جنرل سیٹ پر کاغذات جمع

جمعرات 21 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور میں پہلی بار کسی خواجہ سرا نے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

ثوبیہ خان نامی خواجہ سرا براڈ لاسٹر ہیں جنہوں نے بدھ کے روز کے پی 81 کے ریٹرنگ افسر کے دفتر میں کاغذات نامزدگی جمع کرکے جنرل نشست پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لے رہی ہیں اور کامیاب ہونے کی صورت میں نہ صرف خواجہ سراؤں بلکہ دیگر افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گی۔

’خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کوئی آواز نہیں اٹھاتا‘

ثوبیہ خان خصوصاً اپنی کمیونٹی کی خدمت کرنا چاہتی ہیں کیوں کہ ان کے مطابق ملک میں خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کوئی اواز نہیں اٹھاتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس سوچ اور تاثر کو بھی ختم کرنا چاہتی ہیں کہ خواجہ سرِا سیاست میں نہیں آسکتیں اور عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام نہیں کر سکتیں۔ ان کی کوشش ہو گی کہ خواجہ سراؤں کے علاوہ بچوں اور خواتین کے لیے بھی کام کریں۔ وہ پریقین ہیں کہ اگر کے پی 81 کے ووٹرز نے انہیں خدمت کا موقع دیا تو وہ حلقے کے ترقی کا کام احسن طور پر کر سکتی ہیں۔

’ہم کسی سے کم نہیں‘، موقع ملا تو ثابت کردوں گی، ثوبیہ کا عزم

 

انہوں نے بتایا کہ خواجہ سراؤں کو آگے آنے کا موقع نہیں ملا ہے اور اگر انہیں سیاست میں آگے آنے کا موقع ملا تو وہ ثابت کر کے دکھا سکتی ہیں کہ خواجہ سرِا بھی کسی سے کم نہیں۔

ثوبیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے کافی سوچ بچار اور قریبی ساتھیوں سے مشورے کے بعد سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھ ان گھر والوں کی بھی مکمل سپورٹ ہے۔

کینویسنگ کے دوران خواتین پر خصوصی توجہ دینے کا ارادہ

ان کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے بعد اب وہ باقاعدہ طور پر مہم بھی شروع کر رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ گھر گھر جاکر اپنی انتخابی مہم چلائیں گی اور کینویسنگ کے دوران خواتین ووٹرز پر خصوصی توجہ دیں گی۔

ثوبیہ خان نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ این جی اووز بھی انتخابی مہم میں ان کا ساتھ دیں گی۔ انہوں نے پریقین لہجے میں کہا کہ وہ انتخابات میں ٖضرور کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp