سہانجنہ درخت کے طبی فوائد

اتوار 5 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

  سہانجنہ ایک معجزاتی اثرات رکھنے والا درخت  ہے جس کے پھول ، پھل اور پتے کئی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہوتے ہیں، یہ درخت اردو میں سہانجنہ اور انگریزی میں ہارس ریڈش یا مورنگا کہلاتا ہے۔ اس کے اور بھی مختلف نام ہیں مثلاً مورنگا ‘ مورنگا اولیفیرا ‘ ڈرم اسٹک اور بین آئل ۔

سہانجنہ پاکستان میں پشاور سے کراچی تک بکثرت پایا جاتا ہے، یہ خود رو بھی ہے اور گھروں کھیتوں میں کاشت بھی کیا جاتا ہے۔

سہانجنہ گرم ماحول اور ریتلی زمین میں آسانی سے کاشت ہوتا ہے، بہاول پور کے علاقے میں اس کے خود رو درختوں کے جنگل ہیں۔ درخت کی اونچائی 25 تا 40فٹ تک ہوتی ہے۔ پھل اور پھول بکثرت سال میں 2 ۔ 3 دفعہ لگتے ہیں لکڑی نرم و نازک اور پھلیاں تقریبا ً ایک فٹ لمبی اور انگلی کے برابر موٹی ہوتی ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق سہانجنہ کی پھلی اور پتوں کے بے شمار طبی فوائد ہیں ، اس کی پھلی میں دودھ کے مقابلے میں 17 گنا زیادہ کیلشیم، دہی سے 9 گنا زیادہ پروٹین، گاجر سے 4 گنا زیادہ وٹامن اے، بادام سے 12 گنا زیادہ وٹامن ای، کیلے سے 15 گنا زیادہ پوٹاشیم اور پالک سے 19 گنا زیادہ فولاد شامل ہوتا ہے۔

جوڑوں کے درد کا علاج

جوڑوں کے درد میں مبتلاافراد کے لئے سہانجنہ بے حد مفید ہے۔اسے اپنی خوراک کاحصہ بنائیں اور درد سے نجات پائیں۔

ہڈیاں مضبوط ، جھریاں چھائیاں سب ختم

ایک گلاس پانی میں سہانجنہ کے پھول دوسے تین عدد، سہانجنہ کی پھلی  ڈیڑھ انچ  کا ٹکڑا، سہانجنہ کی پتیاں ایک چمچ ڈال کر بلینڈ کر لیں۔ ناشتہ کے دوگھنٹے بعد پی لیں ۔اگر کڑوا لگے تو آدھا کپ دہی شامل کر لیں۔اس سے بینائی تیز، وزن کم ، ہڈیاں مضبوط ، جھریاں چھائیاں سب ختم اور جگر صحیح کام کرے گا۔

ایکنی دور کریں

سہانجنہ کے پتے پیس کر دہی میں ملا کر روزانہ رات سونے سے پہلے ایکنی پرلگانے سے ایکنی دور ہوجاتی ہے۔

بچوں کے ریشز دور کریں

بچوں کے ریشز پر سہانجنہ کے پتے پیس کرکھوپرے کے تیل میں ملا کر لگانے سے ریشز دور ہو جاتے ہیں۔

مرگی کا علاج

سہانجنہ کے آٹھ سے دس پتے ایک کپ پانی میں بلینڈ کر کے پینے سے مرگی کے مریض ٹھیک ہو سکتے ہیں۔

دق ، فالج ، بلغم اور مہروں کی  بیماری کا علاج

سہانجنہ کی ایک پھلی اور سوگرام سہانجنہ کے پتے سو گرام، لونگ سات عدد، جائفل ایک عدد، بڑی الائچی ایک عدد، دارچینی ایک ٹکڑا تین گلاس پانی میں اتنا پکائیں کہ دو گلاس رہ جائے۔ دن میں تین دفعہ چار چمچ سے یہ پینا شروع  کریں اور ایک کپ دن میں تین دفعہ تک لے جائیں۔ دق، فالج، بلغم اور مہروں کی ہر بیماری دور ہو جائے گی۔

بچوں کی صحت

بچوں کا وزن نہ بڑھنے کی شکایت کے تحت سہانجنہ سے بچوں کی صحت اور وزن میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے پتوں کا رس ایک چمچ بچوں کو دودھ میں ملا کر پلانے سے ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں۔

وزن کم کریں

سہانجنہ کے پھول سکھا کر رکھ  لیں ۔ ڈیڑھ کپ پانی میں تھوڑے سے پھول ڈال کر اتنا پکا لیں کہ ایک کپ رہ جائے تو پی لیں اس سے وزن کم ہو گا۔

گردہ اور مثانہ کی پتھری توڑنے کی صلاحیت

سہانجنہ خون صاف کرنے میں لاجواب دوا کا کام کرتا ہے۔ گردہ اور مثانہ کہ پتھری توڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

گیس ، جگراور معدہ کے مسائل

سہانجنہ گیس ، جگراورمعدہ کے مسائل کو ٹھیک اور پیٹ کے کیڑے ہلاک کردیتا ہے۔

دمہ اور کھانسی میں مبتلا افراد کیلئے مفید

دمہ اور کھانسی میں مبتلا افراد کیلئے مفید سبزی ہے۔ یہ  سبزی ان امراض کوختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

نظر کو تیز کرتا ہے

نظر کوتیز کرتا ہے اور پیٹ اور تلی کے درد کوختم کرتا ہے۔

جراثیم کش اثرات

سہانجنہ اعلیٰ قسم کے جراثیم کش اثرات رکھتا ہے اسی لئے اس کا استعمال انفیکشن سے تحفظ دیتا ہے۔

جنسی کمزوری اور بانجھ پن کا علاج

سہانجنہ کے پھولوں کودودھ میں ابال کر پینے سے جنسی کمزوری اوربانجھ پن دورہوتا ہے۔

پیشاب کے تمام امراض دور کرنے میں مفید

سہانجنہ کے پتوں کارس ایک چمچ لے کرگاجر کے رس میں ملا کر پینے سے پیشاب کے تمام امراض دور ہو جاتے ہیں۔ گاجر کی جگہ گرمیوں میں کھیرے کا رس بھی لیا جا سکتا ہے۔

ہاضمے کے بے قاعدگی دور کرتی ہے

ہاضمے کی بے قاعدگی میں بے حد مفید ہے۔ معدہ کے مسائل کا آسان حل ہے۔

بڑی آنت کی سوزش اوریرقان دور ہوتا ہے

اس کے پتوں کا رس ایک چمچ  ناریل کے پانی میں ملا کر پینے سے بڑی آنت کی سوزش اور یرقان دور ہوتا ہے۔

زچگی میں آسانی

سہانجنہ سے رحم کی کمزوری دورہوتی ہے اسی لئے زچگی میں آسانی اور زچگی کے بعد ہونے والی پیچیدگیوں سے حفاظت رہتی ہے۔

سبزی کے طورپراستعمال

سہانجنہ کے پتوں کوسبزی کے طور پر استعمال کرنے سے مائوں کے دودھ میں اضافہ ہوتا ہے جو بچے کی صحت کا ضامن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp