رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ جس شخص نے ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگایا اسے معصوم کہا جا رہا ہے، پہلے لاڈلا اب معصوم کہہ کر مسلط کیا جا رہا ہے۔ یہ معصوم نہیں ہیں، انہوں نے ملکی اداروں پر حملے کیے ہیں، ملک کو تباہ کردیا گیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے عمران خان اور عدالتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس شخص کو معصوم کہا جا رہا ہے وہ کابینہ کے اندر سائفر کے ساتھ کھیلنے کا حکم دے کر آیا تھا، جنہوں نے ملک کے ساتھ کھیل کھیلا اور معیشت کو نقصان پہنچایا، اربوں کی کرپشن کی، عدالت بلانے پر دھمکیاں دیں وہ معصوم کیسے ہو سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جنہوں نے زمان پارک میں بیٹھ کر پولیس پر پٹرول بم گرائے، اس معصوم آدمی نے ملک کی سلامتی داؤ پر لگا دی۔ سائفر پر غداری کی اس پر تو آپ کو جواب دینا پڑے گا، آپ نے جناح ہاؤس جلادیا اور کہتے ہیں کہ معصوم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف بیچ دیے اور ابھی بھی معصوم ہے، ایسے شخص کو معصوم کہا جارہا ہے جس نے ملک کیساتھ غداری کی، اربوں کی فنڈنگ پر الیکشن کمیشن کو دھمکایا، پھر بھی لاڈلا ہے، جب سپریم کورٹ جاتا ہے تو اسے گڈ ٹوسی یو کہاجاتا ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ایک شخص کاغذ لہراتا ہے اور کہتا ہے کہ میری حکومت کے خلاف امریکا نے سازش کر دی، اس کے بعد سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا کہ آئین توڑا گیا، کیا یہ معصوم ہے۔ 190 ملین پاؤنڈ کا بند لفافہ لہراؤ اور پیسے کھا جاؤ تم معصوہو؟ جسے سسلین مافیا، سیاسی دہشت گرد کا سرٹیفکیٹ ملنا چاہیے، اسے معصوم کیسے کہا جا سکتا ہے؟
’معصوم بنا دو، جب مرضی لاڈلا بنا دو، عوام کا پاگل سمجھا ہوا ہے؟‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے پیسے سے القادر ٹرسٹ نہیں بن سکتا تھا، عوام کے پیسے سے ٹرسٹ کیسے بنایا جا سکتا ہے؟ ان سے 9مئی واقعے کا پوچھو توکہتے ہیں یہ تو کارکنوں نے کیا، جھوٹے مقدمات پر بھی عدالتوں میں گئے، کوئی رخنہ نہیں ڈالا گیا، فلیگ شپ میں کچھ نہیں ملا، اس وقت معصومیت کا سرٹیفکیٹ یاد نہیں آیا تھا۔