انتخابات سے قبل سیاسی صف بندیاں، نور عالم خان جے یو آئی میں شامل

ہفتہ 23 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق ممبر قومی اسمبلی نور عالم خان نے جمعیت علما اسلام میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

پشاور میں ہونے والی تقریب میں نور عالم خان نے جمعیت علما اسلام میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما مولانا عطاالرحمان نے کہاکہ آنے والا دور ہمارا ہی ہوگا، ہم نور عالم خان کو جے یو آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس موقع پر نور عالم خان نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے آواز اٹھائی، وہ جو کہتے ہیں سچ ہی ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کی قائدانہ صلاحیتوں سے متاثر ہو کر جے یو آئی میں شامل ہوا ہوں، ملک میں ہر کوئی ان کی سیاسی بصیرت کا قائل ہے۔

نور عالم خان نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک لاڈلے کو جیل میں دیسی مرغ اور ورزش کی مشینیں تک فراہم کی گئی ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان تمام قیدیوں کو یکساں حقوق دیں۔

واضح رہے کہ نور عالم خان 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ کے انتخابات جیتنے میں کامیاب ہوئے تاہم بعد میں وہ منحرف ہو گئے تھے لیکن قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا تھا۔

نور عالم خان شہبازشریف کی اتحادی حکومت میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp