آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن پاکستان میں مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنا چاہتا ہے، اس لیے ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا ہوگا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کرائسٹ چرچ راولپنڈی میں مسیحی برادری کی کرسمس تقریب میں شرکت کی ہے اور انہیں مبارکباد دی ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ دشمن پاکستان میں مذہبی، نسلی اور سیاسی کمزوریوں کو استعمال کرتے ہوئے دراڑیں ڈالنا چاہتا ہے، اس لیے ہمیں ایک پُرعزم اور مضبوط قوم کے طور پر ابھرنے کے لیے متحد اور یکجان ہونا پڑے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے متحد و ترقی پسند پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کے حقیقی ویژن پرعمل کرنے اور معاشرے میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زوردیا۔
جنرل عاصم منیر نے کہاکہ اسلام بین المذاہب ہم آہنگی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، ہمیں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے پروپیگنڈے کی نفی کرنا ہوگی۔
قائد نے کہہ دیا تھا کہ ہر کوئی اپنی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہے
انہوں نے کہاکہ ضروری ہے کہ قومی مسائل کے بارے میں درست نقطہ نظر، سچائی اور علم پر مبنی رائے رکھی جائے۔
آرمی چیف نے اس موقع پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 147 ویں یوم پیدائش پر ان کے ویژن اور قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو کہہ دیا تھا کہ ہر کوئی اپنی عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہے۔
جنرل عاصم منیر نے پاکستان کی مسیحی برادری کی خدمات اور قربانیوں کو اعتراف کیا، اس موقع پر مسیحی کمیونٹی کی جانب سے خوشیوں میں شریک ہونے پر سپہ سالار کا شکریہ ادا کیا گیا۔