صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسم سرما کی شدت میں اضافے کے پیش نظر چھٹیوں میں اضافے پر غور کیا جارہا ہے، محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ایک ہفتے تک اضافے پر غور شروع کردیا ہے۔ دوسری جانب بچوں کے والدین نے بھی بچوں کی چھٹیوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
لاہور کے اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں شروع ہیں، تاہم سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ اور محکمہ اسکول ایجوکیشن نے چھیٹیاں بڑھانے پر غور شروع کر دیا ہے، تاہم ممکن ہے کہ اسکولوں کی چھٹیوں میں مزید اضافہ کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
اس سلسلے میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے ایک ہفتے تک چھٹیوں میں اضافے پرغور شروع کردیا ہے، تاہم اس حوالے سے محکمہ موسمیات سے بھی اگلے 15 سے 20 دن کی رپورٹ مانگ لی گئی ہے۔ جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اسکولوں کی چھٹیوں میں کتنا اضافہ کیا جائے۔
دوسری جانب سردی کی شدت کو دیکھتے ہوئے والدین نے بھی چھٹیوں میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے، اگلے ایک سے 2 روز میں فیصلہ ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد معلوم ہو جائے گا کہ اسکولوں کی چھٹیوں میں کتنا اضافہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سردی کی شدت میں اضافے کے باعث والدین اور بچوں کو اسکول آنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ پنجاب بھر میں شدید دھند نے ڈیرے ڈال دیے ہیں اور حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ شیڈول کے مطابق پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں یکم جنوری تک ہیں، نئے نوٹیفکیشن آنے کے بعد ان چھٹیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع ہو سکتی ہے۔