اسلام آباد سمیت ملک کے شمالی حصوں میں بارش کب ہوگی؟

بدھ 27 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کھانسی، بخار اور گلے کی بیماریاں شہریوں میں عام ہو رہی ہیں۔ ہر کوئی بارش کے انتظار میں ہے کہ بارش ہو، خشک سردی کی شدت میں کمی ہو، اور موسمی بیماریوں سے جان چھوٹ جائے۔

رواں سال موسم سرما کے آغاز سے اب تک بارش نہیں ہوئی، عموماً دسمبر میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے لیکن اس بار ابھی تک بارشوں کا وہ سلسلہ شروع نہیں ہو سکا۔ جس کے باعث ہر شخص کے ذہن میں ایک ہی سوال ہے کہ بارش آخر کب تک متوقع ہے؟

موسم کا پتا دینے والی ایپ ویدر والے کے مطابق ملک میں بارشوں کا کوئی بڑا سلسلہ موجود نہیں ہے، پاکستان کے جنوبی میدانی علاقوں میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ اور دھوپ کی شدت تیز ہے۔ جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں پنجاب کے میدانی جنوبی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند چھائی رہے گی، اور دن کے وقت کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر موسم خشک درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

موسم کی صورتحال کے متعلق بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل موسمیات صاحبزاد خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس موسم میں ہمیشہ بارشیں ہو جایا کرتی تھیں، لیکن اس بار موسم سرما کے آغاز کے بعد کوئی بارش نہیں ہوئی اور اب یہ سال ختم ہونے کو ہے چند دن ہی باقی ہیں لیکن بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

مزید بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنوری 2024 کے پہلے ہفتے میں تو نہیں لیکن دوسرے ہفتے میں بارشیں متوقع ہیں اور وہ بارشیں معمول سے کہیں زیادہ ہوں گی۔ اس کے بعد فروری اور مارچ میں بھی وقتاً فوقتاً بارشیں متوقع ہیں لیکن ان بارشوں کا سلسلہ معمول کے مطابق ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp