پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلے جارہے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز ایک دلچسب اور انوکھا واقعہ پیش آیا، جب کھانے کے وقفے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور فیلڈ امپائرز میدان میں پہنچ چکے تھے، پاکستانی بولر میرحمزہ اپنے بولنگ کے نشان پر موجود تھے اور آسٹریلوی بیٹر ان کا سامنا کرنے کے لیے تیار تھے لیکن اس کے باوجود کھیل کو روک دیا گیا، جس کی وجہ یہ معلوم پڑی کہ تھرڈ امپائر لفٹ میں پھنس جانے کی وجہ سے گراؤنڈ نہیں پہنچ سکے ہیں جس کی وجہ سے فیلڈ امپائرز کا تھرڈ امپائر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے، اس لیے میچ آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔
The game is delayed because the third umpire … is stuck in the lift #AUSvPAK pic.twitter.com/eSuKyPQp56
— cricket.com.au (@cricketcomau) December 28, 2023
تھرڈ امپائر رچرڈ النگ ورتھ کھانے کا وقفہ ختم ہونے کے بعد گراؤنڈ واپس آرہے تھے کہ لفٹ میں پھنس گئے جس کی وجہ سے تیسرے روز کا دوسرا سیشن چند منٹ تاخیر کا شکار ہو گیا۔ گراؤنڈ میں لگی ٹی وی اسکرین پر جب یہ منظر دکھایا گیا تو آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر بھی بے ساختہ ہنس پڑے، جبکہ فیلڈ امپائرز اور گراؤنڈ پر میں موجود تمام کھلاڑی مسکراتے دکھائی دیے۔
کرکٹ کی تاریخ میں میچ کی تاخیر کے لیے پیش آنے والا یہ سب سے انوکھا واقعہ ہے۔
A wild Richard Illingworth appeared! #AUSvPAK pic.twitter.com/7Rsqci4whn
— cricket.com.au (@cricketcomau) December 28, 2023
پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان بینود قادر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل میلبرن میں جاری ہے۔ اسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 318 جبکہ قومی ٹیم نے 264 رنز بنائے ہیں، جبکہ دوسری اننگز کا کھیل جاری ہے۔
دوسری اننگز شروع ہوتے ہی پاکستانی شاہین کینگروز پر جھپٹ پڑے اور آتے ہی 4 آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا،آسٹریلیا کے 50 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔