پولیس اور عمران خان کی ایک ساتھ ٹویٹس ۔۔۔ کیا اتفاق ہے!

اتوار 5 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آج صبح لاہور کے زمان پارک میں اس وقت ہلچل شروع ہوئی جب اسلام آباد پولیس سابق وزیر اعظم عمران خان کو توشہ خانہ ریفرینس میں گرفتار کرنے کے لیے پہنچی۔ یہ خبر جیسے ہی میڈیا کی زیننت بنی تو عوام نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کا رخ کیا اور تبصروں اور تجزیوں کی بھرمار کردی۔

جہاں پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے ٹویٹر کا رخ کیا وہی اسلام آباد پولیس نے بھی ٹویٹر کا خوب استعمال کیا اور لمحہ بہ لمحہ ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاونٹ سے ٹویٹ کرتے رہے۔

صورتحال اس وقت مزید دلچسپ ہوگئی جب پولیس زمان پارک کے باہر موجود تھی اور اسی دوران سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی ٹویٹر کا رخ کیا اور سیاسی مخالفین کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس ملک کامستقبل کیا ہوسکتا ہےجس پر حکمران بنا کر مجرم مسلط کر دیے جائیں۔

عمران خان کی ٹویٹ ایسے وقت پر ٹویٹر کی زینت بنی جب پولیس حکام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتا رہے تھے کہ وہ عمران خان کے کمرے میں گئے لیکن وہ موجود نہیں تھے۔ پولیس نوٹس وصول کرانے کے بعد زمان پارک کے اطراف میں موجود رہی

اسلام آباد پولیس کی جانب سے کی گئی ٹویٹس پر عمران خان کے حامی صارفین نے پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جب کہ کچھ صارفین ایسے بھی تھے جو عمران خان کو گرفتار نہ کر نے پر پولیس کی کارگردگی سے نالاں نظر آئے۔ اسی حوالے سے ایک صارف نے لکھا اگر بارہ گھنٹوں میں ایک بندہ گرفتار نہیں ہوسکا تو پولیس استعفیٰ دے کر گھر چلی جائے۔

ٹویٹر پر عمران خان اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایک ہی وقت میں ٹویٹس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ پولیس اور عمران خان کی زمان پارک میں آنکھ مچولی لیکن ٹویٹر پر ایک ساتھ ٹویٹس ۔۔۔ کیا اتفاق ہے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس آج صبح ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں زمان پارک پہنچی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرنے آئی ہے۔اس دوران فواد چودھری کی ٹویٹ کے بعد پی ٹی آئی کارکنان جمع ہونا شروع ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp