افواج پاکستان نے سال 2023 کے اختتام پر ملک بھر میں بدامنی، دہشت گردی کے واقعات اور ان کے خلاف اٹھائے گئے سیکیورٹی فورسز کے اقدامات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2023ء میں خطے میں بدامنی کی صورت حال کے پیش نظر ملکی دفاع، سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تانے بانے اور شواہد افغانستان میں موجود دہشت گردوں کی پناہ گاہوں تک جاتے ہیں۔ رواں سال 2023 میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک بھر میں 18736 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔
مزید پڑھیں
انٹیلیجنس بیسیڈ آپریشنز کے نتیجے میں 566 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے جبکہ 5161 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ سال 2023 میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو بھی جہنم واصل کیا۔
رپورٹ کے مطابق انٹیلیجینس ایجنسیز کے مؤثر آپریشنز کے باعث گلزار امام شمبے اور سرفراز بنگلزئی، بلوچ نیشنل آرمی کے اہم ترین کمانڈرز نے دہشت گردی چھوڑ کر قومی دھارے میں واپس شمولیت اختیار کی۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں 15063 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے اور 109 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
خیبر پختونخوا میں 447 دہشت گرد مارے گئے
خیبر پتخونخوا میں میں 1942 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جبکہ 447 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
پنجاب میں 10 دہشت گرد مارے گئے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 190، گلگت بلتستان میں 14 اور سندھ میں 1987 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جبکہ 10 دہشت گردوں کو سندھ میں جہنم واصل کیا گیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے بے لوث قربانیاں دیں۔
پاک فوج کے 260 افسران اور جوان شہید ہوئے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گرد حملوں میں پاک فوج کے 260 سے زیادہ افسران اور جوانوں سمیت تقریباً 1 ہزار سے زیادہ افراد نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔ افواج پاکستان اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔
قربانیوں کے نتیجے میں آنے والا وقت امن و استحکام کا ہو گا
رپورٹ کے مطابق افواج پاکستان نے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے بے شمار اقدامات کیے ہیں جس سے یہ امید روشن ہے کہ آنے والا وقت امن اور استحکام کا ہوگا۔
افواج پاکستان عوام کی بھرپور سپورٹ سے دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رکھیں گی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آنے والے سال میں سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو نئی جہت اور عزم کے ساتھ جاری و ساری رکھیں گے۔ اِن شا اللّٰہ