بالی وڈ ایکٹرز ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور گزشتہ کئی سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ اس خوبصورت جوڑے نے اپنے تعلق کے بارے میں ہمیشہ کھل کر بات کی ہے۔ تاہم اب ان دونوں کے درمیان بریک اپ کی خبریں گردش کر رہی ہیں اور لوگ بھی ان دونوں کے مستقبل کے حوالے سے سوال کررہے ہیں۔
ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کے درمیان بریک اپ کی بات پروگرام ’جھلک دکھلا جا‘ سے شروع ہوئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پروگرام کی میزبان فرح خان اپنی مہمان ملائکہ سے سوال کرتی ہیں کہ کیا آپ 2024 میں سنگل پیرنٹ ایکٹرس سے ڈبل پیرنٹ ایکٹرس بن جائیں گی؟ ملائکہ بولیں، ’پھر سے مجھے کسی کو گود میں لینا پڑے گا، اس کا مطلب کیا ہے؟‘
مزید پڑھیں
دوسرے میزبان گوہر خان انہیں بتاتے ہیں، ’اس کا مطلب ہے کہ کیا آپ کی پھر سے شادی ہونے والی ہے؟‘ ملائکہ جواب دیتی ہیں، ’اگر کوئی ہے تو سو فیصد میں شادی کروں گی۔‘ ’منی بدنام‘ ایکٹرس کے اس جواب پر فرح خان حیرت سے پوچھتی ہیں، ’کوئی ہے مطلب؟ بہت ہیں۔‘
ملائکہ وضاحت کرتی ہیں، ’جب میں نے کہا کوئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کوئی اگر شادی کے لیے پوچھے گا تو میں ہاں کردوں گی۔‘ فرح سوال کرتی ہیں، ’کوئی بھی پوچھے گا تو آپ کر لو گی؟‘ ملائکہ جواب دیتی ہیں، ’میں کر لوں گی شادی۔‘
یہ ویڈیو جیسے ہی انٹرنیٹ پر آئی تو صارفین ملائکہ اور ارجن کے درمیان بریک اپ سے متعلق قیاس آرائیاں کرنے لگے۔ ایک صارف نے کہا، ’اس کا ارجن کے ساتھ بریک اپ ہوگیا کیا؟‘ ایک اور صارف نے لکھا، ’ملائکہ ارجن اور شادی کے بارے میں بات کیوں نہیں کررہی؟‘
دوسری جانب حال ہی میں پروگرام ’کافی ود کرن‘ میں بات کرتے ہوئے ارجن کپور نے کہا تھا کہ صحیح وقت آنے پر وہ دونوں شادی کے بارے میں کھل کر بات کریں گے۔ ارجن کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اس معاملے پر ابھی کوئی بات نہیں کرنا چاہتے۔