پاکستان میں بھی سال 2023ء تمام تر رعنائیوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوگیا ہے اور سال 2024 شروع ہو گیا ہے، نئے سال کا استقبال شہریوں نے آتش بازی اور ہوائی فائرنگ سے کیا ہے۔
سال 2024 کی آمد پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 32 افراد زخمی ہو گئے ہیں، ملک بھر میں فائرنگ کرنے والے 65افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی میں نئے ہوائی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے، بہادر آباد میں ہوائی فائرنگ سے 7 سال کا بچہ زخمی ہوا ہے، ساحل سمندر پر بھی ہوائی فائرنگ میں 2 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ناظم آباد میں 1 اور لیاقت آباد میں بھی ایک شخص زخمی ہوا ہے، یہ تمام افراد نئے سال کی آمد کی خوشی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوئے ہیں۔
کراچی کے علاقوں سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، کلفٹن، خواجہ اجمیر نگری، سرسید ٹاؤن، لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی، صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر ، نیو کراچی، بلدیہ، کیماڑی سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ہوائی فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔
مزید پڑھیں
حیدر آباد میں سال نو کا جشن مناتے ہوئے ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف اقدام قتل اور دہشتگردی کے مقدے دائر کیے جائیں گے، ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کی گرفتاری کے لیے نہ صرف سرچ آپریشن کیا جائے گا بلکہ سوشل میڈیا سے تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ملزمان کی نشاندہی کی جائے گی۔
کراچی ٹریفک پولیس کے چیف اقبال دارا نے شراب پی کر گاڑی چلانے والے افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ کراچی میں دو روز کے لیے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں بھی ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے اور ون وہیلنگ کی گئی، اس کے علاوہ پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ کی گئی جس پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے ہیں جبکہ اب تک صرف کراچی سے 65 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پاک فوج کی سال نو پر قوم کو مبارکباد
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کی جانب سے قوم کو نئے سال کی مبارکباد دی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی اور ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سال 2023 ایک مشکل اور اہم سال تھا جو اختتام پذیر ہو گیا۔ آنے والا سال 2024 پاکستان کے لیے اندرونی اور بیرونی دونوں اعتبار سے اہم ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ہم فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، آنے والی نسلوں کا روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔
’امید ہے نیا سال فلسطینیوں اور کشمیریوں کے مسائل میں کمی کا سبب بنے گا۔‘
نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سال نو کی تقریبات پر پابندی کا اعلان کیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ نئے سال کا سادگی سے استقبال کریں۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ حکومتی سطح پر پاکستان میں سال نو کی تقریبات اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد تھی۔