پاکستان نے غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کر دی

پیر 1 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پاکستان نے پیر کو غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی تیسری کھیپ روانہ کر دی ہے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاک فضائیہ کے خصوصی طیارے کے ساتھ نور خان ایئربیس پر کارگو روانہ کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق مصر کے العریش ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد یہ کھیپ جس میں ادویات، سرجیکل، طبی سامان، حفظان صحت کی کٹس اور خشک راشن شامل ہیں، کو آگے  فلسطین تک پہنچانے کے لیے ہلال احمر کے حوالے کیا جائے گا۔

روانگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اس کھیپ کو نئے کیلنڈر سال کی پہلی صبح فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی کی علامت قرار دیا۔

وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی حق خودارادیت کی جائز اور جرات مندانہ جدوجہد میں ان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کا سامنا کرنے والے مقبوضہ غزہ کے عوام کے لیے جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی جاری رہنی چاہیے۔

تقریب میں موجود فلسطینی سفیر نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نئے سال کے موقع پر مسلسل حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp