پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہی بات 10 ماہ قبل مان لی جاتی تو ملک موجودہ صورتحال سے دوچار نہ ہوتا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں اسد عمر نے کہا کہ اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے سیاسی جماعتوں کو ساتھ بیٹھ کر جلد جنرل الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کو ساتھ بیٹھ کر جلد جنرل الیکشن کی تاریخ کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ اگر ہماری یہی بات 10 ماہ پہلے مان جاتے تو ملک اس تباہی سے نہ دوچار ہوتا جس سے آج گزر رہا ہے
— Asad Umar (@Asad_Umar) March 6, 2023
اپنی ٹوئیٹ میں اسد عمر نے مزید لکھا کہ ’اگر ہماری یہی بات 10 ماہ پہلے مان جاتے تو ملک اس تباہی سے نہ دوچار ہوتا جس سے آج ہورہا ہے‘۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کچھ روز قبل تمام سیاسی جماعتوں کو باہم مشاورت کے ذریعے عام انتخابات کے ایک دن انعقاد کا مشورہ دیا تھا۔
پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسپیکر کا موقف تھا کہ صوبائی انتخابات کے بعد کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے بہتر ہے کہ آج ہی مل بیٹھ کر فیصلہ کرلیا جائے۔
’تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے لیے مذاکرات کرنے چاہیئیں۔‘
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چاہوں گا وقت پر انتخابات ہوں۔ آئین اور قانون کے مطابق انتخابات میں مشکلات ہوں تو اتفاق رائے کے ساتھ کر مسئلہ حل کیا جاسکتا ہے۔