توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ برائے گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھتے ہوئے اپنا محفوظ فیصلہ سنادیا۔
توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف عمران خان کے جانب سے وکیل قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری نے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نجی حیثیت میں شکایت کی صورت میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے لہٰذا عدالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرے۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیئے کہ 28 فروری کی صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔
سیشن عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے خارج کر دی۔
عمران خان کی گرفتاری کے ناقابل ضمانت وارنٹ کی منسوخی کے لیے تحریک انصاف نے سیشن عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری عدم حاضری پر جاری کئے تھے۔ جس کی تعمیل میں گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر ناکام چھاپہ مارا تھا۔
عمران خان کے خلاف زیر سماعت توشہ خانہ کیس میں کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔