الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ سینیٹ کی الیکشن التوا کی قرار داد کا ملک میں عام انتخابات کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ جمعہ کو ایوان بالا سینیٹ کی جانب سے ملک میں عام انتخابات کے التوا کی قرار داد پاس ہونے کے باوجود ملک میں عام انتخابات طے کردہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گے، اس قرار داد کا الیکشن کے انعقاد کے شیڈول پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت بھی ملک میں عام انتخابات کو ملتوی کروانے کا اختیار نہیں رکھتی، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو صرف اور صرف سپریم کورٹ آف پاکستان ہی رائے دی سکتی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے علاوہ کوئی بھی الیکشن کمیشن کے شیڈول کو متاثر نہیں کر سکتا اس لیے الیکشن 8 فروری 2024 کو ہی ہوں گے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو سینیٹ میں عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرار داد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی تھی۔ قرارداد سینیٹر دلاور خان نے پیش کی۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ خان اور نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے قرارداد کی مخالفت کی۔
انتخابات کے التوا کی قرارداد کی منظوری کے وقت 14 سینیٹرز ایوان میں موجود تھے۔ عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرار داد میں 8 فروری کے الیکشن شیڈول کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔