جماعت اسلامی نے الیکشن التوا کی سینیٹ ریزولوشن کے خلاف قرار داد جمع کرا دی

جمعہ 5 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی ) کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں الیکشن التوا کی قرارداد کو غیر دستوری اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اس کو فوری کالعدم قرار دیے جانے کی قرار داد سینیٹ آف پاکستان میں جمع کرا دی ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے قرار داد میں کہا ہے کہ الیکشن کے التواء لا اینڈ آرڈر (امن و امان کی صورتحال) اور موسم کی صورتحال کو بنیاد بنا کر الیکشن کے التواء کی جو قرارداد سینیٹ آف پاکستان نے پاس کی ہے وہ غیر دستوری اور غیر جمہوری ہے، سینیٹ آف پاکستان کو دستور سے ماورا کسی اقدام کا اختیارحاصل نہیں ہے۔

ڈاکٹر مشتاق احمد کی جانب سے سینیٹ آف پاکستان میں جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ’میں اس معزز ایوان میں قرارداد پیش کرتا ہوں اور اس قرارداد کے ذریعے مطالبہ کرتا ہوں کہ الیکشن کا انعقاد دستوری تقاضا ہے الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ دستور کے مطابق الیکشن کا انعقاد مقررہ وقت پر کرائے۔ حالیہ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کا فیصلہ بھی آ چکا ہے۔

 

الیکشن کیمشن نے بھی تاریخ مقرر کر دی ہے کہ 8 فروری 2024 کو الیکشن ہوں گے۔ الیکشن کے التوا لا اینڈ آرڈر ( امن و امان کی صورت حال) اور موسم کی صورت حال کو بنیاد بنا کر الیکشن کے التوا کی جو قرارداد سینیٹ آف پاکستان نے پاس کی ہے وہ غیر دستوری اور غیر جمہوری ہے۔

سینیٹ آف پاکستان کو دستور سے ماورا کسی اقدام کا اختیار نہیں ہے۔ لہٰذا ہم اس قرار داد کے ذریعے سے اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کے مطابق الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق 8 فروری 2024 کو ہر صورت میں فری اینڈ فیئر الیکشن کرائے جائیں۔

لیول پلیئنگ فلیڈ سب سیاسی جماعتوں کو دیا جائے اور سینیٹ سے الیکشن کے التوا کے حوالے سے اس معزز ایوان میں جمعہ کو جو قرار داد پاس ہوئی اس کو کالعدم تصور کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp