پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما انجنیئرنجیب ہارون ایم کیو ایم میں شامل ہوگئے، ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی رکن اور سابق رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی، نجیب ہارون پاکستان انجینئرنگ کونسل کے موجودہ چیئرمین بھی ہیں۔
گزشتہ سال 22 جولائی کو نجیب ہارون نے پاکستان تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا اعلان کیا تھا ایک بیان میں نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ میری 27 سال سیاسی جدوجہد رہی ہے، 9 مئی کے واقعے نے پاکستان کے امیج کوخراب کیا، ان واقعات نے ہماری سیاست کو بھی تقسیم کیا۔
مزید پڑھیں
نجیب ہارون نے 16 اپریل 2020 کو قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیا۔ نجیب ہارون اگست 2018 میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین بھی ہیں۔
نجیب ہارون نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے اپنی زمانہ طالب علمی سے کیا وہ پی ٹی آئی کے ان ارکان میں سے ایک تھے جنہوں نے 1990 کی دہائی کے وسط میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے جولائی 2017 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں کراچی کے حلقہ PS-114 سے پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر سندھ کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر حصہ لیا لیکن ہار گئے۔
2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار کے طور پر حلقہ NA-256 سے پاکستان کی قومی اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے۔ انہیں پاکستان کے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے سیاستدان کے طور پر بھی جانا جاتا ہے، اپریل 2020 میں، انہوں نے اپنے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز کی کمی کی وجہ سے بطور رکن قومی اسمبلی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔