باقی کسی کی ’بس بھری ہوئی نہیں‘ ن لیگ کو ٹکٹوں کی تقسیم میں شدید مشکلات درپیش ہیں، عرفان صدیقی

اتوار 7 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کو ٹکٹوں کی تقسیم میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ایک دو روز میں انتخابی منشور اور ٹکٹوں کا معاملہ حل کر کے بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں سابق مشیر حکومت اور مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عرفان صدیق نے کہا کہ انتخابی منشور کی تیاری کے لیے باقاعدہ کمیٹی بنائی گئی، جس نے تمام شعبہ زندگی کی بھرپور تحقیق کر کے منشور تیار کیا ہے، جسے جلد میاں نواز شریف کے پاس پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کی منظوری کے بعد منشور کو حتمی شکل دے دی جائے گی، ن لیگ باقی جماعتوں کی طرح 2 ، 4 یا 10 نکاتی منشور پیش کرنے نہیں جا رہی ہے۔

ایک سوال کے جوا ب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم جو کچھ کر رہے ہیں وہ منظم طریقے سے کر رہے ہیں اور اس کی ضرورت بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سی جماعتوں کو وہ مسائل درپیش نہیں ہیں جو مسلم لیگ ن کو درپیش ہیں، نا دیگر جماعتوں کی بس اتنی بھری ہوئی ہے نا کوئی پیچھے لٹک رہا ہے نا کوئی چھت پر بیٹھا ہے نا انہیں ٹکٹ دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں، ہمیں ٹکٹ دینے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ہم ایک دو روز میں یہ مرحلہ طے کر کے آگے بڑھیں گے پھر جلسے بھی ہوں گے جلوس بھی ہوں گے اور مہم بھی ہو گی۔

مسلم لیگ ن نے حکمت عملی طے کر لی ہے، جلسے یا تقریر میں 10 نکاتی ایجنڈا دے دینے کو ہی منشور نہیں کہا جاتا یا انتخابی مہم نہیں کہہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی یہ سوچ کبھی نہیں رہی ہے کہ اس کا ’کِلہ‘ مضبوط ہے اس لیے اسے انتخابی عمل میں زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

ماضی میں ن لیگ کو بھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی گئی

انہوں نے کہا مسلم لیگ ن کو بھی تو ماضی میں لیول پلیئنگ فیلڈ میسر نہیں رہی ہے، مسلم لیگ ن کے لیے انتخابی حالات سب کے سامنے ہیں، ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس گئے ہیں اور عوام کی طاقت پر ہی بھروسا کیا ہے اور موجودہ الیکشن میں بھی عوامی طاقت پر ہی بھروسا کر رہے ہیں۔ ن لیگ کسی دوسرے کو بچھاڑنے کے لیے اپنا قد اونچا نہیں کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کا قد کارکردگی کی بنیاد پر اُونچا ہو گا۔

ن لیگ کیسی کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کر رہی

ان سے پوچھا گیا کہ یہ کس قسم کی بس بھری ہوئی ہے؟ کہ بلوچستان، خیبر پتخونخوا اور سندھ میں مسلم لیگ ن کو مشکلات درپیش ہیں اور ن لیگ کو امیدواروں کے لیے انتخابی اتحاد میں جانا پڑرہا ہے؟ تو جواب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ ملک کی کشتی اس وقت مشکل میں گری ہوئی ہے اور مسلم لیگ ن کی کوشش ہے کہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں کسی انتخابی اتحاد میں نہیں بلکہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ میں جا کر سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

ن لیگ دست و گریباں نہیں، مفاہمتی سیاست کی جانب بڑھنا چاہتی ہے

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی خواہش ہے کہ جب ہم انتخابات کے بعد اسمبلی میں جائیں تو ایک دوسرے کے ساتھ دست و گریبان نہ ہوں بل کہ سب مل کر ملک کو موجودہ بحران سے نکالیں، اس کا مطلب یہ نہ لیا جائے کہ مسلم لیگ ن کے پاس اُمیدواروں کی کوئی کمی ہے۔ ن لیگ کشادہ دلی سے مفاہمت کی سیاست کی جانب جانا چاہتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پی ٹی آئی کی طرح ادھر ادھر سے پکڑ دھکڑ نہیں کر رہی ہے بل کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے دوران جو پاکستان ڈیموکریٹک الائنس (پی ڈی ایم) بنا تھا وہ اتحاد بھی نبھانا چاہتی ہے اور اپنے کارکنوں کو بھی ان کا حق دینا چاہتے ہیں۔

ٹکٹوں کی تقسیم میں ن لیگ کو الجھنوں کا سامنا ہے

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمیں ٹکٹوں کی تقسیم میں بہت سی الجھنوں کا سامنا ہے لیکن یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے اسے حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنا کوئی سیاسی نظریہ بدلنے نہیں جا رہی ہے۔

جو ہمارے ساتھ چلنا چاہتا ہے اسے ن لیگ کا نظریہ اپنانا ہوگا

دھوکا دینے والوں کو پارٹی واپس کسی صورت قبول نہیں کرے گی، تاہم نظریات بدلتے رہتے ہیں، کسی دوسری پارٹی سے اگر کوئی ہمارے ساتھ شامل ہو رہا ہے تو پھر اسے ہمارے سیاسی نظریے کے مطابق ہی چلنا ہوگا۔

مسلم لیگ ن اگر باہر سے 8 یا 10 لوگوں کو انتخابات میں اپنے ساتھ لے رہی ہے تو انہیں ہماری گاڑی میں سوار ہونا ہو گا، ہمارے منشور پر عمل درآمد کرنا ہوگا اور ہمارا نظریہ اپنانا ہوگا۔

عوام کو سہانے خواب نہیں دکھائیں گے

ایک اور سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ ن انتخابی منشور میں عوام کو کوئی سہانے خواب نہیں دکھائے گی، ہم وہی کریں گے جو حقیقت ہو گی اور جو ہم میدان عمل میں کر پائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp