حکومتی ہدایات کے مطابق سال 2024 کے ملک گیر انسداد پولیو مہم کا پہلا مرحلہ 8 جنوری شروع ہو گیا ہے جو 14 جنوری تک جاری رہے گا۔
انسداد پولیو پروگرام کی طرف جاری بیان کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز شمالی وزیرستان، کے علاقے بنوں سے 15 جنوری سے ہوگا جو 19 جنوری تک جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں
پولیو مہم کا آخری مرحلہ 22 تا 26 جنوری جنوبی خیبر پختونخوا میں چلے گا۔ اس مہم میں ساڑھے 4 کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی جبکہ قومی انسداد پولیو مہم میں 3 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز تعینات ہوں گے۔
مہم کے دوران پنجاب میں 22.6 ملین بچوں کو ویکسین دی جائے گی جبکہ سندھ میں 10.3 ملین، خیبر پختونخوا میں 7.5 ملین، بلوچستان میں 2.6 ملین، آزاد جموں و کشمیر میں 0.72 ملین، گلگت بلتستان میں 0.28 ملین اور اسلام آباد میں 0.42 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انسداد پولیو کے لیے قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لئے دروازہ کھولیں اور اپنے بچوں کو یہ اہم ویکسین پلائیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں، یہ بیماری نہ صرف ایک بچے کو متاثر کرتی ہے بلکہ پورے خاندان کے لیے بھی زندگی بدل دیتی ہے، والدین ہر مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر اس موذی مرض سے بچا سکتے ہیں۔