ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی اور دھند کے ڈیرے

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید سردی اور دھند کے ڈیرے ہیں، دھند سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں جبکہ ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل ہے۔

بدھ کے روز شدید دھند کے باعث مزید 30 ملکی و غیر ملکی پروازیں متاثر ہوئی ہیں، 1 جنوری سے اب تک 300 سے زائد پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں۔

دھند کے باعث ملتان سکھر موٹروے ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے، ایم 2 پنڈی بٹیاں سے کوٹ مومن اور ایم تھری سمندری سے درخانہ تک بند ہے۔

سردی کی لہر میں اضافہ

دوسری جانب ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں،لاہور اور کراچی میں بھی سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ادھر بلوچستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ کوئٹہ ، نصیر آباد، بولان، ڈیرہ بگٹی، قلات میں بارش جبکہ زیارت میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، کالام میں درجہ حرارت منفی 5، چترال میں منفی 3 اور دیر میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاراچنار، پشاور، مالم جبہ، وادی لیپا، نیلم ویلی سمیت بالائی علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے دھند اور سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

پنجاب میں تعلیمی ادارے کھل گئے

موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، شدید سردی کی وجہ سے اسکولوں میں بچوں کی حاضری معمول سے کم رہی۔

سردی کی شدت میں کمی نہ آنے پر صوبائی حکومت کی جانب سے اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق 10 سے 22 جنوری تک تمام اسکولز صبح ساڑھے 9 سے دوپہر اڑھائی بجے تک کھلیں گے، نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی نے سردی سے بچنے کے لیے بچوں کو گرم کپڑے پہننے کی ہدایت بھی کی ہے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پرائمری اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی ہے، جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولز کے اوقات تبدیل کر دیے ہیں۔

چھٹیوں میں توسیع کے بعد پرائمری اسکولز 8 جنوری کے بجائے 15 جنوری کو کھلیں گے جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری اسکولز صبح ساڑھے 8 کی بجائے ساڑھے 9 بجے کھلیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp