انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 864 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر، انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 818 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ تاہم کپتان بابر اعظم 2 درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں نمبر پر آگئے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق کوئی بھی پاکستانی بولر پہلے دس کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہے، جبکہ بلے بازوں کی فہرست میں بابر اعظم کی 2 درجہ تنزلی ہوئی ہے جس کے بعد وہ آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
حالیہ ٹیسٹ سیریز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہوئی جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی منفی رہی، ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی عامر جمال کے علاوہ کسی بھی کھلاڑی نے اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ نہیں کیا۔
آئی سی سی رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے مارنس لیبوشین 802 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 786 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی 775 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔
بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی اسپنر روی چندرن ایشون 863 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، دوسرا نمبر پیٹ کمنز کا ہے جن کے 858 پوائنٹس ہیں اسی طرح جنوبی افریقہ کے کاگیسو ربادا 851 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بھارت کے ہی جسپریت بمرا 787 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور رویندرا جڈیجہ ایک درجہ تنزلی کے بعد 774 پوائنٹس لے کر پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
آئی سی سی کی جاری کردہ رینکنگ میں بھارتی آلراؤنڈر رویندرہ جڈیجہ 434 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں، روی چندر ایشون 341 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن 320 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے آلراؤنڈر کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی شامل نہیں ہیں، بولرز کی فہرست میں بھی کوئی پاکستانی بولر موجود نہیں ہے۔