لکی مروت:فائرنگ کے اندوہناک واقعہ میں ایک ہی خاندان کے 11افراد قتل

بدھ 10 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد نے ایک ہی خاندان کے 11 افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا ہے۔

لکی مروت پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ نورنگ کی حدود تختی خیل میں ایک گھر سے 11 افراد کی لاشیں ملی ہیں، مقتولین میں 2 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں، پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق گھر میں 2 بھائی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ مقتولین میں دو بھائی عملدار، تابعدار اور ان کی بیویاں شامل ہیں، مقتول عملدار کی 1 بیٹی اور 2 بیٹے بھی اس اندوہناک واقعے کی بھینٹ چڑھے ہیں جبکہ مقتول تابعدار کی بھی 1 بیٹی اور 2 بیٹے بھی قتل ہوئے ہیں، مقتولین میں ایک مہمان رشتہ دار بھی شامل ہے۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان نے مقامی افراد سے حاصل ابتدائی معلومات کی بنیاد پر بتایا کہ واقعہ دو تین پرانا ہے جس کے بارے میں کسی کے پاس معلومات نہیں تھی اور ان دونوں گھروں میں کسی کا آنا جانا نہیں ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ آج مقتولین کا ایک بھائی گل زمان ان کے گھر آیا تو باہر مکمل خاموشی تھی۔ وہ اندر گیا تو لاشیں پڑی ہوئی تھی، جس کے بعد پڑوسی اور مقامی افراد بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے  پولیس کو اطلاع دی۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق مقتولین کا رشتہ دار جو وزیرستان سے ہے۔ دو دن قبل مقتولین کے گھر آیا تھا، اپنے ساتھ پکے ہوئے چاولوں کی دیگ بھی لایا تھا، واقعے کے بعد سے وہ غائب ہے۔

پولیس نے مزید بتایا کہ مقتولین کو نیند کے دوران گولیاں ماری گئی، شبہ ہے کہ قتل سے پہلے کھانے میں کوئی نشہ آور دوا ملا کر دی گئی ہو تاکہ شور شرابا اور مزاحمت نہ ہو۔

پولیس کا کہنا ہے قتل کے اسباب کے حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp