’امریکی مسلمانوں کی تنظیم سیلاب متاثرہ پاکستانی ہندوؤں کو گھر بنا کر دے گی‘

جمعرات 11 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا میں مسلمانوں کی فلاحی تنظیم زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا نے پاکستان میں آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ ہندو خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر شروع کر دی ہے۔

وی نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکا کے ایڈوائزر فرخ رضا نے بتایا کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ 25 ہندو خاندانوں کو گھروں کی چابیاں دی جا چکی ہیں جبکہ 150 کے قریب گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن امریکا سمیت دنیا کے 50 سے زیادہ ممالک میں فلاحی کام کرتی ہے اور 6 ماہ قبل پاکستان میں بھی بطور انٹرنیشنل این جی او رجسٹرڈ ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال سیلاب میں سندھ کے ضلع میرپور کی تحصیل جھڈو میں ہندوؤں کی پوری بستی بہہ گئی تھی جس کے بعد زکوٰۃ فاؤنڈیشن نے پہلے انہیں خوراک اور ابتدائی مدد فراہم کی اور اس کے بعد ان کے لیے پکے گھر بنانے کا بیڑا اٹھایا۔ اس سلسلے میں 150 خاندانوں کو گھر بنا کر دیے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 25 گھروں کی تعمیر بھی ہو چکی اور وہ متاثرین کے حوالے بھی کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’ہمارے منشور میں ہے کہ فلاحی کام میں رنگ، نسل اور مذہب کا امتیاز نہیں رکھیں گے‘۔

فاؤنڈیشن نے اسلام آباد میں اپنا دفتر قائم کر لیا ہے، فرخ رضا

فرخ رضا نے بتایا کہ پاکستان میں ان کی فاؤنڈیشن نے 2005 کے زلزلے میں مقامی تنظیموں کے ذریعے مدد پہنچائی تھی۔ اب فاؤنڈیشن نے اسلام آباد میں اپنا دفتر قائم کر لیا ہے۔

’ہم لاہور میں 10 ملین ڈالر کی لاگت سے 100 بیڈز کا ایک جدید اسپتال قائم کر رہے ہیں جو مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کرے گا جس میں خاص طور پر دل کے مریضوں کو جدید سہولیات مہیا کی جائیں گی‘۔

اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایڈوائزر زکوٰۃ فاؤنڈیشن

ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ روڈ پر قائم اس اسپتال میں روبوٹکس اور جدید ٹیکنالوجی بھی لائی جائے گی اور رواں برس رمضان میں اس پر کام بھی شروع ہو جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن کے کام سے اسلام کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

فرخ رضا نے مزید بتایا کہ ان کی فاؤنڈیشن غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کی مدد کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے اور اکتوبر سے اب تک لاکھوں لوگوں کو خوراک پہنچائی جا چکی ہے جبکہ کینسر کے شکار درجنوں فلسطینی بچوں کی کفالت بھی کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp