انتخابات ملتوی کرانے کی ایک اور قرارداد سینیٹ میں جمع

جمعہ 12 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انتخابات ملتوی کرانے کی ایک اور قرار داد سینیٹ میں جمع ہوگئی، قرارداد فاٹا سے تعلق رکھنے والے آزاد پارلیمانی گروپ کے سینیٹر ہدایت اللہ نے جمع  کرائی۔

سیکورٹی چیلنجز کے پیش نظر ایوان بالا میں عام انتخابات 3 ماہ کے لیے ملتوی کرنے کی قرارداد سینیٹ میں جمع کرا دی گئی، قرار داد میں موقف اپنایا گیا کہ ایوان بالا الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ پر زور دیتا ہے کہ وہ انتخابات پرامن انعقاد پر ہمدردانہ غور کرے۔

قرارداد میں انتخابی امیدواروں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، امیداواروں پر حملے سے متعلق گہری تشویش ہے، ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، عام انتخابات 3 ماہ کے لیے ملتوی کردیے جائیں، عوام کی جان و مال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔

مزید کہا گیا کہ دہشتگردی کے واقعات کی وجہ سے ملک میں خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا ہوگیا ہے، امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتروں میں دھمکی آمیز پمفلٹس کی تقسیم موجودہ سیکیورٹی مسائل میں ایک اور پریشان کن اضافہ بنتا جارہا ہے۔

قرارداد کے مطابق ایوان اس بات کو مانتا ہے کہ انتخابات کا انعقاد آئینی ذمہ داری ہے، ایوان انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے پر زور دیتا ہے، وہ جہاں آزاد انتخابات پر زور دیتا ہے وہاں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کرتا ہے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سینیٹ الیکشن کمیشن پر زور دیتا ہے کہ وہ انتخابات کے پر امن انعقاد پر ہمدردانہ غور کریں اور درپیش سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کو 3 ماہ تک کے لیے مؤخر کردے۔

واضح رہے 5 جنوری کو سینیٹ میں سینیٹر دلاور خان کی جانب سے الیکشن کے التوا کی قرارداد جمع کرائی گئی، جسے سینیٹ میں کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا، انتخابات کے التوا کی قرارداد کی منظوری کے وقت 14 سینیٹرز ایوان میں موجود تھے۔

اس میں بھی موقف اختیار کیا گیا تھا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے ہوئے ہیں، جبکہ جے یو آئی ارکان اور محسن داوڑ پر بھی حملے ہوئے جن پر ایمل ولی کو بھی تشویش ہے۔

قرار داد میں مزید کہا گیا کہ ملک کے اکثر علاقوں میں سخت سردی ہے، ان علاقوں کی الیکشن میں شرکت مشکل ہے لہٰذا عام انتخابات کو ملتوی کیا جائے۔

یاد رہے 5 جنوری کو ہی جماعت اسلامی پاکستان (جے آئی پی ) کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ میں الیکشن التوا کی قرارداد کو غیر دستوری اور غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اس کو فوری کالعدم قرار دیے جانے کی قرار داد بھی سینیٹ آف پاکستان میں جمع کرائی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp