معاشی مشکلات سے نجات کیسے ممکن؟ نوازشریف کا ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس، اہم نکات مرتب

پیر 15 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن نے ملک کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے معاشی منصوبہ تیار کر لیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نوازشریف کا معاشی ماہرین کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس ہوا ہے جس میں ملک کو معاشی مسائل سے نجات دلانے کے لیے اہم امور پر غور کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف اور دیگر نے شرکت کی اور اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ اس کے علاوہ بجلی اور گیس کی قیمتیں کم کرنے کے نکات بھی طے کیے گئے۔

اجلاس میں زراعت، صنعت اور شعبہ آئی ٹی کی ترقی کے لیے مراعاتی پیکیج تیار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس اصلاحات، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ہنر مند بنانے کے لیے بھی پالیسی بنائی گئی ہے۔

نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں زراعت کی ترقی کے لیے خصوصی رعایت پر شمسی توانائی میں مراعات کا تعین بھی پیکیج میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات کے پیکیج کا بھی تعین کیا گیا ہے۔

اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ حکومت میں آنے کے بعد کس طرح تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر کے بڑے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔

اجلاس میں شرح سود میں کمی، صنعتوں اور برآمدی شعبے کے لیے اصلاحات کے اصول بھی مرتب کیے گئے ہیں اور یہ طے کیا گیا ہے کہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp