چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نظریاتی اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف والے بہت جھوٹے اور ضمیر فروش ہیں میرا ان سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ اگر یہ سچے ہیں تو معاہدے کی ویڈیو اور گواہ لے کر آئیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حلفاً کہتا ہوں کہ معاہدے کے حوالے سے کی جانے والی بات غلط ہے۔
انہوں نے کہاکہ حامد خان نے غلط بیانی کی کہ میں پی ٹی آئی سے الائنس کے لیے اپیلیں کر رہا تھا، وہ میرے سامنے آئیں پتا چل جائے گا سچا کون ہے اور جھوٹا کون ہے۔
Related Posts
اختر اقبال ڈار نے کہاکہ نوازشریف اور زرداری بہت برے ہیں لیکن عمران خان نے بھی سب وہی کیا جو وہ کر رہے تھے بلکہ انہوں نے گالم گلوچ اور جلاؤ گھیراؤ کا اضافہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری عمران خان کی طرح محسن کش نہیں ہیں، یہ شخص تو احسان فراموش ہے، اس کا کوئی دوست نہیں، اس میں ساری برائیاں پائی جاتی ہیں۔ یہ یوٹرن اور جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔ مجھے 13جنوری کو پتا چلا کہ یہ معاہدے کی بات کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان دینے کی آخری تاریخ کے روز پی ٹی آئی نے اچانک اپنے امیدواروں کو ہدایات دی تھیں کہ اپنے پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹ آراوز دفاتر میں جمع کرائیں۔
پی ٹی آئی نے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے ساتھ کیا گیا ایک معاہدہ بھی سامنے لایا تھا۔ تاہم اختر اقبال ڈار نے معاہدے کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی نظریاتی کی ٹکٹیں جعلی ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اب پی ٹی آئی کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا جا رہا ہے کہ اختر اقبال ڈار کے ساتھ معاہدہ ضرور ہوا تھا مگر وہ دباؤ میں آکر انکار کر گئے ہیں۔