شیر افضل مروت نے تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلانے سے انکار کیوں کردیا؟

منگل 16 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت سندھ  میں انتخابی مہم پر تھے کہ اچانک ہی انہوں نے انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کیا، انہوں نے اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں جن میں سینئر وکیل حامد خان اور ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رؤف حسن شامل ہیں کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے آئندہ کسی بھی قسم کی انتخابی مہم اور ریلی نہ نکالنے کا فیصلہ کیا۔

وکیل شیر افضل مروت اس وقت تحریک انصاف کے مقبول رہنماؤں میں سے ایک ہیں لیکن ان کو پارٹی قیادت کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور مختلف بیانات بھی سامنے آئے ہیں کہ شیر افضل مروت اپنی من مانی کر رہے ہیں انکو انتخابی مہم چلانے کے لیے قیادت کی جانب سے کسی قسم کی کوئی ہدایات نہیں دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے شیر افضل مروت نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بیمار ذہنیت کے حامل حامد خان اور رؤف حسن کی وجہ سے سندھ میں انتخابی مہم کو ادھورا چھوڑنا پڑ رہا ہے۔ سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ بار بار کیوں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، جبکہ میں نے کبھی ان لوگوں کے خلاف کوئی بات نہیں کی۔

’مجھے بہت مایوسی ہو رہی ہے کہ سندھ میں انتخابی مہم کو ادھورا چھوڑنا پڑ رہا ہے، اپنے تمام جلسے اور ریلیاں مؤخر کر دی ہیں جب تک یہ معاملہ حل نہیں ہو جاتا کسی قسم کی کوئی مہم نہیں چلاؤں گا۔‘

انہوں نے دونوں رہنماؤں حامد خان اور رؤف حسن کا نام لے کر لکھا کہ ان میں اتنی ہمت ہے تو خود باہر نکل کر دکھائیں، ان لوگوں نے پہلے عمران خان کی لیگل ٹیم سے نکلوایا اور اب چاہتے ہیں کہ میں انتخابی مہم بھی نہ چلاؤں۔

دوسری جانب حامد خان نے شیر افضل مروت کے حوالے سے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ پارٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے، رؤف حسن جو کہہ رہے ہیں شیر افضل مروت کے حوالے سے وہ بالکل ٹھیک ہے۔ شیر افضل مروت کے پاس نہ تو پارٹی کا کوئی عہدہ ہے اور نہ ہی ان کو انتخابی مہم چلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

’شیرافضل مروت کا کوئی کام نہیں ہے، ایسے 2، 4 لوگوں کو کہیں سے چھوڑا جاتا ہے کہ وہ جا کر پارٹی میں اختلافات پیدا کریں‘۔

گزشتہ رات نجی ٹی وی چینل کے ایک ٹاک شو میں ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت سے پوچھا جائے کہ وہ عمران خان سے ملتے بھی ہیں کہ نہیں کیونکہ وہ جب بھی باہر آتے ہیں کوئی متنازع بیان دے دیتے ہیں۔ گوہر علی مل کر آتے ہیں تو ان کا بیان کچھ اور ہوتا ہے اور یہ کچھ اور ہی بیان لے کر آجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیر افضل مروت کے پاس پارٹی کا کوئی عہدہ نہیں ہے، وہ جو کچھ بھی کر رہے ہیں اپنے طور پر کر رہے ہیں۔ ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ شیر افضل مروت کے کسی بھی بیان کو تحریک انصاف قبول نہیں کرتی کیونکہ ان کا ہر بیان پارٹی پالیسی کے برعکس ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp