پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پارٹی میں کچھ لوگوں کو مجھ سے تکلیف ہے اسی لیے میرے خلاف بیانات بھی دیے جا رہے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حامد خان اور حسن رؤف جیسے لوگ میرے خلاف بیانات دے رہے ہیں مگر مجھے عمران خان کا اعتماد حاصل ہے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہاکہ پارٹی میں کچھ لوگوں کی مجھ سے بن ہی نہیں رہی، میں نے آج تک جتنی باتیں کی وہ درست ثابت ہوئیں۔ شعیب شاہین، حسن رؤف اور حامد خان جیسے لوگ بلاوجہ میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ عارف علوی نے آخری دنوں میں بہت زیادتیاں کی ہیں اور عمران خان ان سے مایوس ہیں، میں نے صدر کے خلاف ٹوئٹ بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر ہی کی تھی۔
عارف علوی نے پی ڈی ایم کی حکومت کو مرضی کی قانون سازی کا موقع دیا
انہوں نے کہاکہ عارف علوی نے حج پر جا کر پی ڈی ایم کی حکومت کو موقع دیا کہ وہ اپنی مرضی کے بلوں پر دستخط کروا لیں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ عمران خان عارف علوی کے حوالے سے انتہائی مایوس ہیں، اب عارف علوی اور پی ٹی آئی مزید ساتھ نہیں چل سکتے۔
انہوں نے کہاکہ میرے خلاف بیانات آئیں گے تو پارٹی ڈسپلن کے نام پر خاموش نہیں رہوں گا، میں نے کبھی اپنی طرف سے بانی پی ٹی آئی سے کوئی بیان منسوب نہیں کیا۔
گوہر خان ہمارے چیئرمین ہیں
انہوں نے مزید کہاکہ گوہر خان ہمارے چیئرمین ہیں اور جتنے بھی فیصلے ہوتے ہیں قیادت کے علم میں ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں رؤف حسن اور حامد خان کے بیانات کی وجہ سے شیر افضل مروت کے حوالے سے خبریں آئی تھیں کہ وہ انتخابی مہم سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔
شیر افضل مروت کی جانب سے سندھ میں الیکشن مہم کے دوران حامد خان اور رؤف حسن نے ان کے خلاف بیانات دیے تھے۔
رؤف حسن نے کہا تھا کہ شیر افضل مروت جو کہتے ہیں اس کی انہیں کوئی ہدایات نہیں ملی ہوتی، معلوم کیا جائے کہ یہ جیل میں عمران خان سے ملتے بھی ہیں یا نہیں۔