سپریم کورٹ: مستعفی جج مظاہر اکبر نقوی کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا تحریری حکم

بدھ 17 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے سابق جج مظاہر اکبرنقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواست پر 8 جنوری کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر اکبر نقوی کی ان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی کے خلاف درخواست پر سپریم کورٹ نے 8 جنوری کی سماعت کے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکنے کی استدعا اس مرحلے پر قابل قبول نہیں ہے، عدالت نے صرف شکایت کنندگان کو فریق بنانے کے نکتے پر دلائل سنے۔

سپریم کورٹ نے اپنے تحریری حکم میں کہا ہے کہ مؤقف سنے بغیر کسی کےخلاف کوئی حکم جاری نہیں کیا جا سکتا، جسٹس نقوی کی آئینی درخواست میں شکایات کو سیاسی اور بدنیتی پر مبنی قرار دینے کی استدعا ہے، دوسرے فریق کو سنے بغیر شکایت کو بدنیتی پر مبنی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سماعت پر بینچ کی تشکیل پر اعتراض کیا گیا جسے آج واپس لے لیا گیا ہے، درخواست ضروری ترامیم کے بعد دوبارہ دائر ہونے پر سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

واضح رہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایات پر کارروائی کا سامنا کرنے والے سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر اکبر نقوی نے گزشتہ ہفتے  عہدے سے مستعفی ہو گئےتھے، انہوں  نے اپنا استعفی صدر مملکت عارف علوی کو بھجوایا تھا جو صدر مملکت نے منظور کر لیا تھا۔

مظاہر اکبر نقوی نے اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ’ میرے لیے پہلے  لاہور ہائیکورٹ اور پھر سپریم کورٹ کے جج کے  فرائض انجام دینا قابل فخرہے، ایسے حالات جن کا عوام کو علم ہے اور کچھ حد تک ریکارڈ پر موجود ہیں، میرے لیے ممکن نہیں ہے کہ میں سپریم کورٹ کے جج کے طور پر فرائض نبھاتا رہوں، قانونی کارروائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ایسا ہی کرنا چاہیے لہٰذا میں بطور سپریم کورٹ کے جج آج مستعفی ہوتا ہوں۔

اس سے قبل 8 جنوری کو سپریم کورٹ  نے جسٹس مظاہر نقوی کی سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

جسٹس مظاہر نقوی کی درخواست پر سماعت جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی خصوصی بینچ نے کی تھی، بینچ میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل تھے۔

اپنے حکم میں سپریم کورٹ نے میاں داؤد سمیت جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف شکایت گزاروں کو کیس میں فریق بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اب جسٹس مظاہر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی اوپن ہو گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp