’منتخب ہو کر عوام کی خدمت کریں گے‘، بلاول بھٹو کا اُمیدواروں سے اسٹیج پر حلف

جمعرات 18 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے مجھے وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے، عوام ساتھ دے تو ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کر کے 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدے پر عمل درآمد کراؤں گا۔ بلاول بھٹو نے اسٹیج پر امیدواروں سے عوام کی خدمت کا حلف لیا۔

جمعرات کو نوشہرو فیروز میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں نوشہروفیروز آیا تھا اس وقت آپ نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جتوایا، میں جب عوامی مارچ کے ساتھ نوشہرو فیروز سے گزرا تو آپ نے اس وقت بھی بڑا استقبال کیا، آج ایک بار پھر آپ کے پاس آیا ہوں۔

الیکشن ہونے جا رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے مجھے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔ میں آپ کا وزیر اعظم کا اُمیدوار ہوں گا، آج میں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں۔

آپ نے ساتھ دیا تو پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، ہمارا عوامی منشور، عوامی معاشی معاہدہ ہے، یہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کرنے کا ہمارا ایجنڈا ہے۔

غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کروں گا

آپ مجھے وزیر اعظم بنائیں میں اس 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کراؤں گا، غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کروں گا۔

نو شہرو فیروز کے لیے ہمارا خاص منصوبہ ہے، یہاں سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان ہوا، ہم نے یہاں عوام کی مدد کرنی ہے، میں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تو خواتین کا سب سے بڑا  مطالبہ یہی تھا کہ ہمیں گھر بنا کر دیں، میں نے ان سے یہ وعدہ کیا ہے کہ انہیں گھر بنا کر دوں گا۔

8 فروری کے بعد دوسرے دن ہی اپنے منصوبے پر عمل شروع کریں گے

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے تو دوسرے دن ہی ہم گھر بنانے کے اس منصوبے پر پھر سے کام شروع کر دیں گے۔

ہمارے سکول، کالج اور دیگر انفراسٹرکچر سیلاب سے متاثر ہوا ہے میں نے وفاقی حکومت سے لڑ جھگڑ کر اس انفراسٹرکچر کی بحالی کا منصوبہ بھی رکھا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے پوری دُنیا کا دورہ کیا، پھر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان لے آیا اور انہیں بتایا کہ دیکھو میرے پاکستان کا کیا حال ہے۔

ہم کم عرصے میں 20 لاکھ گھر بنانے کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں، ہم پکے گھر بنا کر خواتین کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے تو دوسرے دن ہی ہم گھر بنانے کے اس منصوبے پر پھر سے کام شروع کر دیں گے۔

ہمارے سکول، کالج اور دیگر انفراسٹرکچر سیلاب سے متاثر ہوا ہے میں نے وفاقی حکومت سے لڑ جھگڑ کر اس انفراسٹرکچر کی بحالی کا منصوبہ بھی رکھا ہے۔

نوشہرو فیروز پور میں یونیورسٹی بنائیں گے

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں یونیورسٹی اور کیمپس بنائیں گے۔ نوشہرو فیروز پور میں یونیورسٹی بنائیں گے۔ عوام کو مفت صحت کی سہولت فراہم کریں گے، یہاں بھی دل کے مرض کے علاج کے لیے اسپتال میں ایس آئی ٹی کا قیام کریں گے ۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ بزرگوں سے پوچھیں، انہوں نے قائد عوام کا دور دیکھا ہے، جنہوں نے ہمیں ’روٹی، کپڑا اور مکان ‘ کا نعرہ دیا تھا، شہید بی بی نے بھی عوام کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا، اس وقت مشہور تھا کہ ’ بے نظیر آئیں گی، خوشحالی لائیں گی‘۔

آج بھی پاکستان کے عوام کا وہی روٹی، کپڑا، مکان، تعلیم کا مطالبہ ہے، پیپلز پارٹی اس مطالبے کو پورا کرے گی۔

عوام سو فیصد پیپلز پارٹی کو ہی جتوائے

ملک بھر میں تیر اور شیر کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے، کارکن گھر گھر جائیں اور پیپلز پارٹی کا پیغام پہنچائیں، عوام کو کہیں کہ وہ تیر پر ٹھپہ لگائیں، ہم مسائل حل کریں گے، میں چاہتا ہوں کہ میرا ہر امیدوار کامیاب ہو تاکہ میرا پیغام آ پ تک پہنچ سکے۔ عوام نے سو فیصد پیپلز پارٹی کو جتوانا ہے، آپ نے ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کو اکثریت میں جتوایا ہے۔

بلدیاتی الیکشن بھی سندھ بھر سے کامیابی حاصل کی

عوام نے دیکھا کہ ہم نے کیسے بلدیاتی الیکشن بھی سندھ بھر سے کامیابی حاصل کی، ہم نے کراچی کے میئر کو بھی وزیر اعلیٰ بنایا، ہم نے حیدر آباد کے میئر کو بھی جیالا بنایا، ان شا اللہ یہی محنت جاری رہی تو کراچی میں بھی ہمیں اکثریت حاصل ہو گی، حیدر آباد سے بھی جیتیں گے، نوشہرو فیروز سے تو آپ کلین سویپ کر رہے ہو۔

وزیر اعظم بھی آپ کا ہو گا اور صوبے بھی جیالوں کے ہوں گے

ان شا اللہ وفاقی حکومت بھی جیالوں کی ہو گی، وزیر اعظم بھی آپ کا ہو گا اور صوبے بھی جیالوں کے ہوں گے۔

بلاول بھٹو نے شرکا جلسہ سے کہا کہ آپ میرا منشور لے کر گھر گھر جائیں اور سب سے پوچھیں کہ کیا آپ کا تنخواہوں پر گزارا ہوتا ہے اگر نہیں تو پھر ہمیں وفاق اور صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت چاہییے۔ عوام تیر پر مہر لگائیں اور یہ بلاول بھٹو کا وعدہ ہے کہ ہر گھر کو 300 یونٹ مفت سولر بجلی فراہم کریں گے۔

کسان بھائیوں کو بتائیں کہ اب ہم بے نظیر ہاری کارڈ دیں گے، کسان کارڈ جاری کریں گے، مالی مدد فراہم کریں گے، محنت کشوں، مزدوروں کے پاس جائیں اور کہیں کہ پی پی کی حکومت بنائیں، ان کے لیے بے نظیر مزدور کارڈ بنائیں گے۔ بے نظیر انکم اسکیم پروگرام کو وسعت دیں گے۔ خواتین کو بلا سود قرضہ دیں گے۔ آئیں مزدورو کارڈ کو ایک حقیقت بنائیں۔

دوسری جماعتیں ایک دوسرے سے انتقام لینے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں

بلاول بھٹو نے کہا کہ دوسری جماعتیں ایک دوسرے سے انتقام لینے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہیں، پیپلز پارٹی آپ کو آپ کے حقوق دلانے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے۔ میں آپ کو ترقی کرتا ہوا دیکھنا چاہتا ہوں، آپ کے بچوں کو باروزگار دیکھنا چاہتا ہوں، میں آپ کے لیے الیکشن لڑ رہا ہوں اور ان شا اللہ جیت آپ کی ہی ہوگی۔

بلاول بھٹو کا امیدواروں سے حلف

آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے اسٹیج پر نوشہروفیروز سے تمام اُمیدواروں سے حلف لیا کہ وہ منتخب ہو کر عوام کی خدمت کریں گے، جس پر پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں نے ہاتھ بلند کر کے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ منتخب ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp