فیض آباد دھرنا انکوائری کمیشن کی مدت میں توسیع کا معاملہ، سپریم کورٹ آج سماعت کرے گی

پیر 22 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ آف پاکستان وفاقی حکومت کی انکوائری کمیشن کی مدت میں توسیع کی متفرق درخواست  پر سماعت آج کرے گی۔

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ بینچ میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ انکوائری کمیشن نے جنوری کے تیسرے ہفتے میں رپورٹ فائنل کر کے سپریم کورٹ میں جمع کرانا تھی۔

وفاقی حکومت نے مقررہ وقت میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ سے براہ راست رجوع کیا تھا۔

وفاقی حکومت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی تاریخ پر کمیشن رپورٹ کو حتمی شکل نہیں دے سکتا۔ درخواست میں مقررہ وقت میں توسیع کی استدعا کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 15 نومبر 2023 کو فیض آباد دھرنا کیس میں تحقیقات کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔ کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈ آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ  ہیں جبکہ دیگر 2 ممبران میں ریٹائرڈ آئی جی طاہر عالم خان اور ایڈیشنل سیکرٹری برائے داخلہ خوشخال خان ہیں۔

انکوائری کمیشن کے تفصیلی ٹی او آرز کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی گئی تھی۔

قبل ازیں عدالت نے وفاقی حکومت کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی مسترد کرتے ہوئے فیض آباد دھرنا کیس کے معاملے پر ذمہ داروں کے تعین کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی تجویز دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp