سپریم کورٹ کی عمارت میں وی لاگز، انٹرویوز پر پابندی عائد

پیر 22 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے میڈیا کے رپورٹرز کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے عدالت کی عمارت میں وی لاگز کی ریکارڈنگ پر پابندی عائد کردی ہے۔

سپریم کورٹ کے پبلک ریلیشن آفیسر کی جانب سے جاری کردہ 4 نکاتی ہدایت نامہ میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی کارروائی کور کرنے کے لیے بیٹ رپورٹرز کو درج ذیل شرائط کے ساتھ اپنے متعلقہ میڈیا ہاؤسز کی جانب سے جاری کردہ اصلی میڈیا کارڈ دکھانے کے بعد سپریم کورٹ کی عمارت میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق رپورٹرز کو چیکنگ اور تلاشی کے بعد عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی، لہذا رپورٹرز سیکورٹی عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

سپریم کورٹ کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی میڈیا پرسن کو سپریم کورٹ کی عمارت کے اندر ویڈیو کلپس، انٹرویوز، اور یوٹیوب پروگرام وغیرہ ریکارڈ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بیٹ رپورٹرز کو کمرہ عدالت میں موبائل فون لے جانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

عدالت نے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی اہم کیس کی سماعت کی صورت میں ہر میڈیا ہاؤس سے ایک رپورٹر کو کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر صحافیوں کو کارروائی کا مشاہدہ کرنے کے لیے متبادل کمرے میں جگہ دی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp