گلگت بلتستان ونٹر اسپورٹس: برفباری میں تاخیر، مقابلوں کا شیڈول شدید متاثر

پیر 22 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان میں موسم سرما میں منعقد ہونے والا ونٹر اسپورٹس فیسٹیول اس سال حیرت انگیز موسمیاتی تبدیلیوں اور برفباری میں تاخیر کے باعث روایتی مقامات اور شیڈول کے مطابق منعقد کرنا ممکن نہیں رہا۔

ونٹر اسپورٹس فیسٹیول کے دوران مقابلے اسکردو، ہنزہ، نلتر سمیت گلگت بلتستان کے مختلف حصوں میں منعقد ہوتے ہیں لیکن اس مرتبہ مطلوبہ مقدار میں برف نہ ہونے کے باعث ان کھیلوں کا انعقاد فی الحال صرف غذر کی تحصیل پنیال میں واقع منجمد خلطی جھیل پر ہی ممکن ہوسکا ہے جہاں یہ مقابلے 22 جنوری (آج) سے شروع ہوئے اور 24 جنوری تک جاری رہیں گے۔

یاد رہے کہ حکومت گلگت بلتستان کے محکمہ سیاحت و ثقافت و کھیل کے زیر اہتمام ونٹر اسپورٹس فیسٹیول کا شیڈول 15 جنوری سے طے کیا گیا تھا۔ یہ روایتی فیسٹیول جسے سیون ڈیز فیسٹ بھی کہا جاتا ہے اس سال معمول کی برفباری نہ ہونے کے سبب متاثر ہوا ہے۔

سیکریٹری محکمہ سیاحت و ثقافت و کھیل آصف اللہ خان کے مطابق ترجیحی طور پر اسکردو میں آغاز کرنا تھا تاہم اسکردو میں ہمیں مطلوبہ مقدار میں برف نہیں مل سکی جس کے باعث اسکردو کے لیے جاری شیڈول کو منسوخ کرنا پڑ گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ہنزہ جبکہ تیسرے مرحلے میں نلتر پر نظر رکھی گئی جہاں ہمیشہ سے برف ہوتی تھی تاہم رواں سال برفباری نہ ہونے کی وجہ سے کہیں پر بھی برف نہیں جمی تھی جو ایک حیران کن امر ہے۔

آصف اللہ خان نے کہا کہ آخری مرحلے میں غذر پر توجہ دی گئی جہاں پر منجمد خلطی جھیل میں گنجائش نظر آگئی کہ جہاں آئس ہاکی، اسکیٹنگ و دیگر کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کرائی جاسکتی تھیں لہٰذا اسی بنیاد پر خلطی کے روایتی شیڈول کو تبدیل کرکے مرکزی سرگرمیوں کو غذر کے خلطی جھیل منتقل کردیا گیا۔

گلگت بلتستان میں جنوری کا مہینہ موسمی شدت کے اعتبار سے سب سے سخت ہوتا ہے۔ ایک سروے کے مطابق جنوری کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ دھوپ کا تناسب 7 گھنٹے تک رہتا ہے اور روزانہ بارش اور برفباری کا امکان 19 فیصد رہتا ہے۔

بادلوں کا پہاڑوں پر اترنے کا اندازہ 40 فیصد تک رہتا ہے جس کے باعث درجہ حرارت زیادہ تر بالخصوص دھوپ کی عدم موجودگی میں منفی رہتا ہے جس کی رینج منفی 20 تک بھی جاتی ہے۔

ہر سال جنوری میں کم از کم 18 دن بارش اور برفباری ہوتی ہے تاہم رواں برس الٹی گنگا بہہ رہی ہے اور دسمبر سے تاحال بارش اور برفباری نہیں ہوئی ہے جس کے باعث خشک سردی ہے اور بعض مقامات میں درختوں پر پھول بھی کھل گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp