کیرتھر نیشنل پارک: گاؤں والوں نے تیندوا ماردیا، 2 افراد پر مقدمہ

جمعرات 25 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سندھ کے علاقے جامشورو میں مارے جانے والے تیندوے کو حنوط کرنے کی غرض سے محکمہ  وائلڈ لائف میوزیم میں منتقل کردیا گیا جبکہ نایاب جانور کو مارنے والے 2 افراد کے خلاف کرمنل کیس درج کرلیا گیا۔

ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے مطابق تیندوے کی ہلاکت کا واقعہ کیرتھر نیشنل پارک میں کانبھو پہاڑی کے قریب واقع گاؤں بچل سونہیرو میں پیش آیا جہاں تیندوا رات کے وقت داخل ہوگیا تھا جس پر بظاہر خوفزدہ ہوکر مقامی افراد نے اسے فائرنگ کرکے مار ڈالا۔

تیندوے کی ہلاکت کیرتھر نیشنل پارک کے علاقے میں ہوئی  ہے۔ مذکورہ علاقے کا پہاڑی سلسلہ بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تیندوا وہاں بلوچستان سے داخل ہوا۔

تیندوے کو مارنے کے جرم کی سزا 5 سال قید اور 12 لاکھ روپے جرمانہ ہے۔ تیندوا 5 فٹ 19 انچ لمبا اور صحت مند بالغ نر تھا اور اس کا وزن 66 کلو تھا۔ اسے 12 بور کی بندوق سے 3 گولیاں ماری گئی تھیں۔

محکمہ وائلڈ لائف  کے مطابق تیندوے کی یہ نسل نایاب ہے۔ اس کی ہلاکت میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

دریں اثنا خیبر پختونخوا میں بھی ایک تیندوے کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس نے آبادی میں داخل ہوکر ایک بچے کو زخمی کردیا تھا۔

پولیس کے مطابق خیبر کے علاقے شلوبر میں تیندوے کے حملے میں بچہ زخمی ہوا جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کے زخمی ہونے کے بعد مقامی افراد نے فائرنگ کر کے تیندوے کو ہلاک کردیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp