جرمنی: 2 ارب یورو مالیت کے 50 ہزار بِٹ کوائن ضبط، 2 ملزمان گرفتار

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمن پولیس نے 2 ارب یورو مالیت کے 50 ہزار بِٹ کوائن ضبط اور 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی میں پولیس نے دوران تفتیش تقریبا 2 ارب یورو مالیت کے بِٹ کوائن قبضے میں لے لیے جبکہ 2 ملزمان گرفتار بھی کرلیے گئے۔

دنیا بھر میں جن ورچوئل کرنسیوں کی آن لائن خریدو فروخت ہورہی ہے ان میں سے بِٹ کوائن مہنگی ترین کرپٹو کرنسی ہے جس کی اس وقت فی کوائن قیمت تقریباً 40 ہزار یورو یا 43 ہزار امریکی ڈالر سے زیادہ ہے۔

پولیس کے مطابق دوران تفتیش یہ کرپٹو کرنسی عبوری طور پر قبضے میں لے لی گئی اور جرمنی میں یہ اپنی مالیت کے لحاظ سے اب تک کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

اس حوالے سے گرفتار کیے گئے دونوں ملزمان ایک پائریسی پورٹل چلاتے تھے۔ جرائم کی تحقیقات کرنے والے جرمن ادارے بی کے اے کی صوبے سیکسنی میں شاخ کے ترجمان کائی آندرس نے بتایا کہ ان کے ادارے کی طرف سے تفتیش کے دوران ایک ملزم نے اربوں مالیت کی یہ ورچوئل کرنسی حکام کے حوالے کردی۔

اس صوبائی محکمے کی طرف سے یہ تفتیش دو ایسے مشتبہ ملزمان کے خلاف کی جا رہی تھی جن میں سے ایک کی عمر 40 برس اور دوسرے کی 37 برس ہے۔

دونوں ملزمان پر شبہ تھا کہ وہ مئی 2013 تک سائبر کرائمز کے ارتکاب کے لیے ایک ایسا پائریسی پورٹل چلاتے تھے جس کے ذریعے مجرمانہ کارروائیوں کے نتیجے میں تاوان وصول کیا جاتا تھا۔ شبہ ہے کہ ضبط کیے گئے 50 ہزار بِٹ کوائن ان ملزمان نے تاوان کی رقوم سے ہی خریدے تھے۔

بِٹ کوائن چونکہ ایک ورچوئل کرنسی ہے اس لیے قبضے میں لیے گئے ایسے 50 ہزار کوائن اب سیکسنی میں جرمن ادارے بی کے اے کے ایک آن لائن والٹ میں منتقل کر دیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp