سال 2023 میں ایف آئی اے امیگریشن کی کارکردگی کیسی رہی؟

جمعرات 1 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایف آئی اے نے اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 2023 میں ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے سنگین جرائم میں مطلوب 69 ملزمان کو کیا ہے، 57 مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر آف لوڈ کیا، 36 غیر ملکی مسافروں کو پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرنے پر آف لوڈ کیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سال 2023 کے دوران ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائرپورٹ پر بین الاقوامی آمد اور روانگی پر 30 لاکھ 23 ہزار (3.23 ملین) مسافروں کو کامیابی سے پروسیس کیا،اس دوران 11 ہزار 441 پروازوں سے 1.7 ملین مسافر کراچی ائرپورٹ سے روانہ ہوئے، سال 2023 کے دوران 11 ہزار 41 پروازوں سے 1.5 ملین مسافر مختلف ممالک سے کراچی پہنچے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سال 2023 میں ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے سنگین جرائم میں مطلوب 69 ملزمان کو گرفتار کیا،37 ملزمان کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش پر جبکہ 32 ملزمان کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔

گرفتار ملزمان میں 21 پنجاب پولیس، 32 ملزمان اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کو مطلوب تھے، جبکہ 6 کے پی پولیس، 5 سندھ پولیس، 3 اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھے، ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور اور سی ٹی ڈی بلوچستان کو 1،1 ملزم مطلوب تھا۔

ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے 2023 میں بیرون ملک جانے والے 57 مسافروں کو جعلی دستاویزات پر آف لوڈ کیا جبکہ 36 غیر ملکی مسافروں کو پاکستانی پاسپورٹ استعمال کرنے پر آف لوڈ کیا۔

مذکورہ غیر ملکی مسافروں نے جعل سازی اور دھوکہ دہی سے پاکستانی پاسپورٹس حاصل کیے تھے، جبکہ 42 مسافروں کو جعلی ویزا، ٹمپرڈ پاسپورٹ اور جعلی مہروں پر پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے ہیں، کراچی ایئرپورٹ پر تعینات امیگریشن حکام کے لیے انٹرنیشنل اداروں کی معاونت سے ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔

گزشتہ سال 200 سے زائد امیگریشن افسران کے لیے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے ٹریننگ دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp