موسم کا حال کیا ہے؟ پاک فوج مری میں کیا کر رہی ہے؟

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان، وسطی پنجاب، بالائی سندھ، خیبرپختونخو، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 فروری سے 4 فروری کے دوران مری، گلیات، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب میں بارش اورپہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
اس دوران بلوچستان میں چند مقامات پر درمیانی سے تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہےگا۔

5 فروری سے 8 فروری تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ اس دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا ا مکان ہے۔

کراچی میں بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بروز جمعہ صبح سویرے بارش ہوئی ہے، آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، صدر، اولڈ سٹی ایریا، ایم اے جناح روڈ، گلستان جوہر اور گلشن اقبال، ملیر میں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

مری میں شدید برفباری، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

مری میں گزشتہ ایک دن میں ایک فٹ سے زیادہ برفباری ہوئی، جس کے بعد پابندی کے باوجود سیاحوں کی ایک بڑی تعدار مری پہنچ گئی، جبکہ مری کے مختلف علاقوں میں سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

گزشتہ روز کراچی کی ایک فیملی مری میں پھنس گئی تھی۔

اس فیملی کے ایک نوجوان شہریار نے ویڈیو سوشل میڈیا جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم 17 سے 18 افراد ہیں، یہاں 2 دن سے پھنسے ہوئے ہیں، یہاں پر سب سے رابطے کیے، ریسکیو حکام کہتے ہیں کہ 15 سے 20 منٹ میں آجائیں گے لیکن کوئی نہیں آرہا۔

بعد ازاں ریسکیو حکام نے سے کراچی کی فیملی کو مشکل سے نجات دلائی۔

ڈپٹی کمشنر مری کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام جاری ہے، کراچی کی فیملی کے ساتھ ساتھ کئی سیاحوں کو ریسکیو کیا گیا ہے۔

پاک فوج بھی ریسکیو عمل میں شریک، متعدد فیملی کو بحفاظت ریسکیو کیا

مری اور مضافاتی علاقوں میں برفباری میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے پاک فوج کے دستے بھی پہنچ گئے، پاک فوج برفباری میں پھنسے متعدد خاندانوں کو بحفاظت ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

پاک فوج کے رضاکاروں نے مری اور مضافاتی علاقوں میں سینکڑوں گاڑیوں اور سیاحوں کو ریسکیو کیا جہاں پر پہنچنا مشکل تھا، پاک فوج نے سول انتظامیہ سے مل کر دشوار گزار راستوں سے لوگوں کو ریسکیو کیا۔

مری میں سیاحوں کو داخلے کی اجازت دے دی گئی

مری میں سڑکوں سے برف ہٹا دی گئی ہے جس کے بعد سیاحوں کو مری میں داخلے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے، دوسری طرف مری میں آج مطلع صاف ہے، دھوپ نکل آئی ہے جس سے ملکہ کوہسار پر پڑی برف کی سفید چادر میں مزید نکھار آگیا ہے اور سیاحوں کی کثیر تعداد نے مری کا رخ کیا ہے۔

کیمیکل سے چھڑکاؤ کرکے مری کی تمام سڑکوں سے برف صاف کردی گئی ہے، اب مری میں سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے اور سترہ میل سے مری کے لیے سیاحوں کو بھی مری آنے کی اجازت دے دی گئی ہے، اجازت ملنے کے بعد سیاحوں کا مری میں رش بڑھ گیا ہے۔

وادی نیلم میں برفباری

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفباری پانچویں روز بھی جاری ہے، برف کے گرتے گالوں نے موسم انتہائی دلفریب بنا دیا، جاگراں ویلی، سرگند، شنٹر، گریس ویلی میں ڈیڑھ فٹ سے بڑھ گئی۔

سوات میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا

ادھر سوات، مینگورہ میں چار روز بعد برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، کالام میں تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے، جب کہ مالم جبہ، کالام اور دیگر علاقوں میں سیاحوں نے ڈیرے ڈال دیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp