مسجد پر حملہ: کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں: جسٹن ٹروڈو

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے شہر مسی ساؤگا مسجد پر حملہ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کے ملک میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے مذکورہ حملے کو نفرت کی بنیاد پر کیا جانے والا ایک جرم اور اسلاموفوبیا کی لہر کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ یہ بتانا چاہتے ہیں کہ کینیڈا میں اسلام کے خلاف اقدامات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

مزید پڑھیں

یاد رہے کہ پولیس کے مطابق ایک شخص نے مسجد کی کھڑکی سے مسجد کے اندر 2 پتھر پھینکے تھے تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس واقعے کو جس کینیڈا میں سنہ 2017 میں ہونے والے ایک واقعے سے جوڑا گیا جس میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

فائل فوٹو

جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ اسلاموفوبیا پر مبنی یہ واقعات پریشان کن، بزدلانہ اور ناقابل قبول ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے ایک بیان میں واقعے کی شدید مذمت کی اور اس حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

دریں اثنا کینیڈین مسلمانوں کی نیشنل کونسل نے کہا ہے مسجد پر حملہ اس خطرناک لہر کے ابھرنے کی ایک خطرناک علامت ہے جو اسلاموفوبیا کے حوالے سے پورے ملک میں جاری ہے۔

انسانی حقوق کے اداروں اور کارکنوں نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے بعد دنیا بھر میں مسلم دشمنی، اسلام دشمنی اور یہود دشمنی کے واقعات میں تیزی آگئی ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 27 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ جبکہ 23 لاکھ سے سے زائد فلسطینی بےگھر ہوچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp