کینیڈا نے مسلمانوں کے لیے ’حلال مورگیج‘ کا اعلان کردیا

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کینیڈا کی حکومت نے اپنے سالانہ بجٹ میں اپنے مسلمان شہریوں کے لیے حلال مورگیج (رہن کے ذریعے مکان خریدنے کا طریقہ) متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق، کینیڈین حکومت نے حالیہ بجٹ میں اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو فنانسنگ کے متبادل طریقوں تک رسائی دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

حلال مورگیج بھی وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کے تحت کینیڈین شہری خصوصاً مسلمان شہری اپنے گھروں کے مالک بن سکیں گے۔

دریں اثنا، کینیڈا کی حکومت نے غیرملکیوں پر 2 سال کے لیے ملک میں زمین خریدنے پر پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق، یہ پابندی یکم جنوری 2027 تک ہوگی۔

علاوہ ازیں، غیرملکی کمرشل انٹرپرائزز اور کینیڈا کی شہریت نہ رکھنے والے باشندوں پر کینیڈا میں زمین خریدنے پر پہلے سے عائد کردہ پابندی کا اطلاق جاری رہے گا۔

مورگیج کیا ہے؟

کینیڈا اور دیگر غیراسلامی ممالک میں گھر کی خریداری کے لیے بینک سے قرض لیا جاتا ہے جس کے تحت بینک گھر کے مالک کو گھر کی قیمت ادا کردیتا ہے اور قرض لینے والا بنا کچھ گروی رکھے گھر میں رہنے لگتا ہے اور ماہانہ بنیادوں پر اصل قیمت اور کچھ اضافی رقم (سود اور حکومتی ٹیکس) کی اقساط جمع کروانے لگتا ہے، رقم کی واپسی کا شیڈول دونوں کی مرضی اور سہولت سے طے پاتا ہے۔

مقرر کردہ عرصہ میں اصل قیمت اور اضافی رقم کی مکمل ادائیگی کے بعد گھر قرضہ لینے والے کے نام ہوجاتا ہے اور اگر ادائیگی کسی وجہ سے مکمل نہ ہوسکے اور سودا منسوخ ہوجائے تو بینک اس وقت کے مارکیٹ ریٹ پر اس گھر کو فروخت کردیتا ہے۔ کینیڈا میں یکمشت ادائیگی یا غیرسودی طریقے سے گھر کی خریداری ممکن نہیں ہے۔

حلال مورگیج کیا ہے؟

فنانس کے شعبہ میں دعویٰ کیا جاتا ہے کہ حلال مورگیج اسلامی شریعت کے اصولوں کے مطابق بنایا گیا طریقہ کار ہے جس کے ذریعے مسلمان بلاسود قرضہ لیکر مکان کی خریداری کرسکتے ہیں۔  سود کو دیگر الہامی مذاہب جیسا کہ عیسائیت اور یہودیت میں بھی حرام قرار دیا گیا ہے تاہم اسلامی فنانس میں رہن، قرض اور منافع کے حوالے سے شرعی طریقہ کار موجود ہیں۔

اسلامی شریعہ کے مطابق، حلال مورگیج سود سے پاک رقم کی ادائیگی کا نظام ہے اور اس کی 3 اقسام ہیں جن میں اجارہ، مشارکہ اور مرابحہ شامل ہیں۔

کینیڈا میں بعض بینکوں کی جانب سے اسلامی شریعہ کمپلائنٹ کے تحت مورگیج کی پیشکش کی جاتی ہے تاہم ملک کے 5 مرکزی بینکوں نے اب تک ایسی کسی سہولت کا اعلان نہیں کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حلال مورگیج مکمل طور پر غیرسودی نہیں ہوگا، اس میں منافع کی رقم کو ریگولر فیس میں شامل کرکے وصول کرلیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp