پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن 9 کا آغاز ہونے جا رہا ہے تو اس سے قبل معروف گلوکار علی ظفر بھی شائقین کرکٹ کے لیے سیٹی بجانے کو تیار ہیں، کیونکہ اس بار پی ایس ایل کا ترانہ علی ظفر ہی گائیں گے۔
کرکٹ شائقین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ پی ایس ایل سیزن 9 کا ترانہ علی ظفر ہی گائیں گے، سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر معروف گلوکار علی ظفر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آفیشل اکاؤنٹ نے نئے ترانے سے متعلق خبروں کی تصدیق بھی کردی ہے۔
مزید پڑھیں
پی ایس ایل نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ پرعلی ظفر کی پیانو بجاتے ہوئے ویڈیو شیئر کی، اور لکھا کہ سیٹی تو بجے گی، پی ایس ایل کا ترانہ جلد آرہا ہے، اور علی ظفر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کا ترانہ پیش کرنے کے لیے بھرپور تیار ہیں۔
دوسری جانب گلوکار علی ظفر نے پی ایس ایل کی پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سیٹی بالکل بجے گی اور اسٹیج بھی سجے گا، پی ایس ایل سیزن 9 کے ترانے کے لیے بھائی حاضر ہے۔
گزشتہ روز اس حوالے سے گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی انسٹاگرام پر ایک اسٹوری پوسٹ کی کہ پی ایس ایل کے 9ویں ایڈیشن کے لیے وہ اور علی ظفر ترانہ پیش کریں گے۔
واضح رہے علی ظفر پی ایس ایل کے ابتدائی 3 ایڈیشن کے لیے ترانے گا چکے ہیں، لیکن 2018 میں ان پر ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے ہراسگی کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جس کے باعث پی ایس ایل اور علی ظفر کے تمام معاہدے ختم ہوگئے تھے۔
اس دوران پی ایس ایل کے لیے مختلف ترانے پیش کیے گئے جن پر شائقین نے سخت تنقید کی، اور ترانوں کو پی ایس ایل کے معیار کے مطابق نہ ہونا قرار دیا تھا۔
یاد رہے آئمہ بیگ بھی علی ظفر کی طرح پی ایس ایل کے لیے متعدد ترانوں میں اپنی آواز کا جادو جگا چکی ہیں۔