نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں صرف 4 دن باقی رہ گئے ہیں اور انتخابات کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ انتخابات کی سکیورٹی کو 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سیکیورٹی کے تیسرے حصے کی ذمہ داری آرمی کے پاس ہوگی۔ پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پرانتخابات ہو رہے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم 2005 سے دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن پھر بھی 2008 میں الیکشن ہوئے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد دہشت گردی میں اضافہ ہوا۔ ٹی ٹی پی اور القاعدہ افغانستان کو محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ ہم اس صورتحال سے واقف ہیں اور الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
ان کے مطابق ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے۔ 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پرامن اور شفاف الیکشن کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ملک میں جمہوریت کا تسلسل جاری ہے، شفاف الیکشن کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران صحافی نے سوال اٹھایا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انتخابی مہم چلانے نہ دینے اور گرفتاریوں کا شکوہ کررہی ہے؟ اس پر نگراں وزیر نے جواب دیا کہ ایسے تمام الزامات بے بنیاد ہیں، پی ٹی آئی کو اپنے خدشات کے اظہار کی آزادی ہے، پی ٹی آئی کے پاس عدالتوں سمیت تمام قانونی آپشنز موجود ہیں۔
’نگراں حکومت عدالتوں کو کنٹرول نہیں کرتی، پاکستان آزاد ملک ہے، سب کو تنقید کا حق ہے۔‘
واضح رہے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ، وزارت اطلاعات کی پبلسٹی ونگ سے تعلق رکھنے والی عنبرین جان اور الیکشن کمیشن کے ترجمان بھی پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ تھے۔