خانپور کے ریڈ بلڈ مالٹوں میں خاص کیا ہے؟

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‎خانپور شہر کا شمار پاکستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں پر عمدہ مالٹے پائے جاتے ہیں۔ ان مالٹوں کے ذائقے سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک بھر سے عوام جوق درجوق خانپور کا رخ کرتے ہیں۔

‎ باغ میں مہمانوں کے لیے درخت سے تازہ مالٹا توڑ کر کھانے کی سہولت کے ساتھ تازہ جوس نکال کر پینے کا بھی خصوصی انتظام کیاجاتا ہے۔ جبکہ ہر سال لوگ دوردراز سے اپنے عزیزوں کے لیے یہ مالٹےخاص طور پر ریڈ بلڈ مالٹے بطورتحفہ پیک کروا کر لے جاتے ہیں۔

خانپور کی سوغات ریڈ بلڈ مالٹے اتنے خاص کیوں؟

‎وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خانپور میں باغ کے مالک قیصر محمود نے کہاکہ یہ اللہ تعالیٰ کی خاص نعمت ہے۔ خانپور کے مالٹے اپنے منفرد ذائقے اور رنگت کی وجہ سےمشہور ہیں اور ان کے خاص ہونے کی وجہ زمین کی تاثیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگ خانپور کا مالٹا کھانے دور دور سے یہاں آتے ہیں، لوگوں کو معلوم ہوتا ہے کہ کون سے باغ کا مالٹا اچھا ہے، یہ مالٹے بیرون ممالک میں بھی بھیجے جاتے ہیں۔

‎ موسمیاتی تبدیلیوں نے مالٹوں کی کاشت پر کیا اثر ڈالا؟

‎قیصر محمود نے بتایا کہ ان باغات کو خانپور ڈیم کا پانی لگتا ہے، اس بار بارشیں نہیں ہوئیں اس لیے مالٹا زیادہ ریڈ نہیں ہوا۔ بارشوں کی وجہ سے مالٹا زیادہ ریڈ اور سائز میں بڑا ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سال بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے مالٹے کی پیداوار میں تو کوئی کمی نہیں ہوئی لیکن سائز ضرور چھوٹا ہے۔

باغ کے مالٹے کا ریٹ دکان کے ریٹ سے زیادہ کیوں ہوتا ہے؟

قیصر محمود نے بتایا کہ ریڈ بلڈ مالٹا 2500 سے 3 ہزار تک کا سیکڑا بکتا ہے، پچھلے سال یہ مالٹا 5 ہزار تک فروخت ہوا تھا کیونکہ اس کی پیداوار کم تھی۔

قیصر محمود کا کہنا تھا کہ میں نے یہ باغ 16 لاکھ کا خریدا ہے۔ 30 ہزار روپے تک مزدور کو تنخواہ دیتے ہیں اور ہمیں سارے خرچے یہیں سے نکالنے پڑتے ہیں۔ باغ کے مالٹے کا ریٹ اس لیے زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ہم نے گاہکوں کو مطمئن کرنا ہوتا ہے اور اس لیے ریٹ بھی مرضی کا دیا جاتا ہے۔

‎ان کا مزید کہنا تھا کہ جو مالٹے باہر بکتے ہیں ان میں سب باغ کے نہیں ہوتے، زیادہ تر لوگ پنجاب کے مختلف علاقوں سرگودھا اور اٹک سے سستا مالٹا لاکر یہاں بیچتے ہیں لیکن خانپور کے باغ کا خاص مالٹا 2500 سے کم سیکڑا نہیں مل رہا اور ابھی اس کے ریٹ مزید بڑھیں گے۔

ایک درخت کے ساتھ کتنے مالٹے لگتے ہیں؟

‎باغ کے مالک کا کہنا تھا کہ ایک درخت کا پودا 700 سے 800 روپےتک ملتا ہے پھر اس کو پانی، کھاد وقت پر دینی پڑتی ہے اور گوڈی بھی کرنی پڑتی ہے، اس پر بہت محنت ہوتی ہے۔ ایک درخت کے ساتھ 1600 سے 2 ہزار تک مالٹے لگتےہیں۔ قیصر محمود کے مطابق ان کے باغ میں شکری، مسمی اور ریڈ بلڈ ملتا ہے اور سب سے زیادہ ریڈ بلڈ بکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp